
حیدرآباد ،13 اگست (ہ س)۔
شہرکے غریب اورکم آمدنی والے خاندانوں کے لیے تلنگانہ حکومت نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعرات، 13 اگست کو کوکٹ پلی میں اندرامّا ایل آئی جی ٹاورزکی تعمیرکا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیرِ ہاؤسنگ پونگولیٹی سرینواس ریڈی بھی موجود تھے۔ حکومت کے منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں حیدرآباد کے 16 اسمبلی حلقوں میں غریب خاندانوں کے لیے7 ہزار340 فلیٹس تعمیرکیے جائیں گے۔ ان مکانات کی تعمیرکے لیے تقریباً 90 ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کوکٹ پلی میں 5 ایکڑزمین پرچارٹاورزتعمیر کیے جائیں گے۔ ہرٹاورمیں120 فلیٹس ہوں گے اورچاروں ٹاورزمیں مجموعی طورپر480 فلیٹس تیارکیے جائیں گے۔ اس منصوبے پرتقریباً43 کروڑ20 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ہرفلیٹ میں ایک بیڈروم، ہال اورکچن ہوگا اورمکان کارقبہ تقریباً 525 مربع فٹ ہوگا۔ حکومت کے مطابق مستحق افراد کو مکان کے ساتھ زمین میں بھی حصہ دیاجائے گا۔ ہرخاندان کے نام پرتقریباً 20 سے 25 مربع گززمین کا حصہ درج کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں زمین کی قیمتیں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس کی وجہ سے غریب خاندانوں کے لیے اپناگھرخریدنا مشکل ہوگیاہے۔ اسی لیے حکومت اہم علاقوں میں موجودسرکاری زمین پربڑے ٹاورزتعمیرکرکے غریب خاندانوں کوشہرکے اندر ہی گھر فراہم کرناچاہتی ہے۔ حکام کے مطابق بعض علاقوں میں مستحق خاندان کو ملنے والے زمین کے حصے کی قیمت 60 لاکھ روپے سے ایک کروڑروپے تک ہوسکتی ہے۔ یعنی مستحقین کو صرف گھر ہی نہیں بلکہ زمین میں بھی قیمتی حصہ ملے گا۔ دوسری جانب اندرِامّامکانات کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 اگست مقررکی گئی ہے۔ بدھ تک تقریباً 50 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی تھیں۔ مکانات کی تعمیرکےلیے ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے ٹینڈربھی طلب کیے جاچکے ہیں اورٹینڈرجمع کرانے کی آخری تاریخ 19 اگست مقررکی گئی ہے۔ حکومت کے منصوبے کے مطابق ٹاورزکی تعمیرستمبرمیں شروع کی جائے گی اور انہیں اگست 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اس کے بعد مستحق خاندانوں کو نئے گھروں میں منتقل کیا جائے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق