کھرگے کی ہلدوانی ریلی کے بعد سدھی کرن پر کانگریس نے کارروائی کا مطالبہ کیا، کہا- یہ دلت مخالف ذہنیت کا ثبوت
نئی دہلی، 13 اگست (ہ س)۔ کانگریس نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی کے بعد رام لیلا میدان میں مبینہ سدھی کرن پروگرام کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے جواب طلب کیا ہے۔ اتراکھنڈ کانگریس کی
کھرگے کی ہلدوانی ریلی کے بعد سدھی کرن پر کانگریس نے کارروائی کا مطالبہ کیا، کہا- یہ دلت مخالف ذہنیت کا ثبوت


نئی دہلی، 13 اگست (ہ س)۔

کانگریس نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی کے بعد رام لیلا میدان میں مبینہ سدھی کرن پروگرام کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے جواب طلب کیا ہے۔ اتراکھنڈ کانگریس کی انچارج کماری شیلجا نے الزام عائد کیا کہ یہ پروگرام بی جے پی کی دلت مخالف ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے اور اس معاملے میں اب تک ایف آئی آر درج نہ ہونا بھی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے سدھی پروگرام منعقد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

کماری شیلجا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اتراکھنڈ میں انتخابات قریب ہیں اور انتخابات کے وقت بی جے پی اس طرح کی شرارت کرتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب بی جے پی خود ایسا نہیں کرتی تو اپنے ’فرنج ایلیمنٹس‘ کو آگے کردیتی ہے اور ان کے ذریعے پارٹی کی ذہنیت سامنے آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہرادون میں راہل گاندھی کا ’چھاتروںکی گونج‘ پروگرام منعقد ہوا تھا، جسے بی جے پی نے ناکام بنانے کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی۔ اسی طرح ہلدوانی میں بھی کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی روکنے کی کوشش کی گئی، لیکن ریلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔

شیلجا نے کہا کہ کھرگے نے ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں ریلی سے خطاب کیا تھا اور اس کے بعد اسی مقام کی سدھی کرن کی گئی۔ انہوں نے اسے بی جے پی کی دلت مخالف سوچ کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اس معاملے پر جواب دیں۔

اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال نے بھی ہلدوانی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جو کچھ ہوا، وہ بی جے پی کی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس اسٹیج پر کانگریس صدر کھرگے نے خطاب کیا تھا، اس کا سدھی کرن کیا گیا۔

گودیال نے کہا کہ کانگریس اس واقعے کی مخالفت کرتی ہے اور انہوں نے پارٹی سے وابستہ تمام تنظیموں کو اس ذہنیت کی بھرپور مخالفت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے کہا کہ انہوں نے بی جے پی کے ذہن میں چھپی مبینہ نفرت کو دیکھ لیا ہے اور اس طرح کی توہین کی حمایت نہیں کی جانی چاہیے۔

اتراکھنڈ اسمبلی میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما یشپال آریہ نے کہا کہ ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں جس طرح ہون کرکے سدھی کرن کیا گیا ، اس سے بی جے پی کا ’اصل چہرہ‘ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے اسے نفرت کی نظریاتی سوچ اور ’مذموم ذہنیت‘ کی مثال قرار دیا۔

قابل ذکر ہے کہ ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں 8 اگست کو کانگریس کی ’وجے شنکھ ناد ریلی‘ منعقد ہوئی تھی۔ اس کے دو دن بعد 10 اگست کو اسی میدان میں ’شری رام سینا دھرمارتھ سیوا نیاس‘ کی جانب سے ہون پوجن اور مبینہ سدھی کرن پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ سیاسی تنازع میں تبدیل ہوگیا۔

کانگریس نے اس پروگرام کو کھرگے کے دلت ہونے سے جوڑتے ہوئے ذات پات کی تفریق کی ذہنیت کا الزام لگایا ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں پروگرام منعقد کرنے والی مذہبی تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ پروگرام کانگریس کی ریلی کے دوران لگائے گئے مبینہ نعروں اور تبصروں کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande