
علی گڑھ, 13 اگست (ہ س)۔
اے ایم یو اے بی کے گرلز ہائی اسکول کی طالبات نے مختلف ریاستی سطح کے کھیل مقابلوں میں قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکول کا نام روشن کیا۔
عفیفہ سلیمان، عامرہ ظفر اور مائرہ حیات خان نے اتر پردیش یوگ اسپورٹس ایسوسی ایشن (یوپی وائس ایس اے) کے زیرِ اہتمام دسویں یوپی اسٹیٹ یوگ اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کی ۔ طالبات نے اے ایم یو اے بی کے گرلز ہائی اسکول کے اسپورٹس ٹیچر جناب شمشاد نثار اعظمی کی رہنمائی میں اس مقابلے میں حصہ لیا۔
دوسری جانب، یوپی اوپن اسٹیٹ رولر اسپورٹس چیمپئن شپ میں، جو یو پی آر ایس اے کے زیرِ اہتمام اوزون سٹی، علی گڑھ میں منعقد ہوئی، گیارہویں جماعت کی طالبہ آمنہ نے اول مقام اور ساتویں جماعت کی مریم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح گیارہویں جماعت کی سکریتی گوتم نے پریاگ راج میں منعقدہ یوپی اسٹیٹ ایتھلیٹک چیمپئن شپ میں اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے جیولن تھرو مقابلے میں پانچواں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اے ایم یو اے بی کے گرلز ہائی اسکول کے اسپورٹس ٹیچر جناب ذیشان نواب کی رہنمائی میں مقابلے میں حصہ لیا۔
اسکول کی وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے مقابلوں میں شرکت کرنے والی اور کامیاب طالبات کو صبح کی اسمبلی کے دوران اعزاز سے نوازا اور ان کی محنت اور نظم و ضبط کو سراہا۔ انہوں نے اسپورٹس ٹیچرز کی رہنمائی اور تعاون کی بھی تعریف کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ