
نئی دہلی، 13 اگست (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی حکومت پر مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے چاول گھوٹالہ کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے خوراک کے وزیر منجندر سنگھ سرسا کو اس معاملے کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، آپ کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھردواج نے حکومت پر الزام لگایا کہ ایک ادارے نے دہلی میں راشن کارڈ سے محروم غریبوں،تارکین وطن مزدوروں اور یومیہ اجرت والے مزدوروں کو چاول فراہم کرنے کے نام پر وزیر خوراک کوخط لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نے او ایم ایس ایس اسکیم کے تحت فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) سے چاول خریدنے کے لیے دہلی حکومت سے ضروری منظوری اور اجازت طلب کی تھی۔
بھردواج نے کہا کہ وزیر منجندر سنگھ سرسا نے متعلقہ خط اپنے محکمے کے اسپیشل کمشنر کو بھیجتے ہوئے قواعد کے اندر مثبت غور کرنے کو کہا ۔ اس کے بعد، محکمہ کے افسران نے مبینہ طور پر ایف سی آئی کو ایک ای میل بھیجا جس میں کہا گیا کہ محکمہ کو متعلقہ تنظیم کو چاول فراہم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
آپ دہلی کے ریاستی صدر نے الزام لگایا کہ تقریباً 31,000 میٹرک ٹن چاول متعلقہ تنظیم کو فراہم کیا گیا تھا اور بعد میں اضافی چاول کی دوسری درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری درخواست بھی وزیر کی طرف سے محکمانہ حکام کو بھیجی گئی تھی اور ایف سی آئی سے چاول جاری کرنے کے لیے مبینہ طور پر مزید خط و کتابت شروع کی گئی تھی۔
آپ لیڈر نے سوال کیا کہ اگر افسر کے خلاف کارروائی اور معطلی کی گئی ہے تو انہیں ہدایات دینے والے وزیر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ دہلی کے غریبوں میں 31,000 میٹرک ٹن (تقریباً 31 کروڑ کلوگرام) چاول دہلی کے غریبوں میں تقسیم کرنے کے لئے لئے گئے تو اس کی تقسیم کس ذریعہ سے اور کن جگہوں پر کی گئی۔ انہوں نے اس پورے تقسیم کے عمل کی جانچ کا مطالبہ کیا۔
سوربھ بھردواج نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اس معاملے میں سی بی آئی اور اے سی بی سے باضابطہ شکایت درج کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایف سی آئی سے مبینہ طور پر غریبوں کے نام پر چاول لے کر ہریانہ کی ایک پرائیویٹ کمپنی کو زیادہ قیمت پر فروخت کر کمیشن حاصل کیا گیا۔
سوربھ بھردواج نے دیگر مبینہ گھوٹالوں پر بھی دہلی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مبینہ طور پر 650 کروڑ کے صحت گھوٹالہ اور سائیکلوں کی خریداری سے متعلق الزامات کا حوالہ دے کر حکومت کی جوابدہی پر سوال اٹھایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد