
علی گڑھ, 12 اگست (ہ س): علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے راجا مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں ملک کے مستقبل کی تشکیل میں تعلیم، ڈسپلن، محنت اور ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت اے ایم یو کے سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کی۔ انہوں نے باصلاحیت نوجوانوں کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں یونیورسٹی کے کردار کو اجاگر کیا اور طلبہ کو نظم و ضبط، ثابت قدمی اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
مہمانِ خصوصی ریاستی اطلاعات کمشنر جناب محمد ندیم نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پوری لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور ایمانداری اور محنت کے ذریعہ کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں شارٹ کٹ سے گریز کرتے ہوئے اپنے مقاصد پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے اور مخلصانہ و مسلسل کوششوں سے اپنے کریئر کی تعمیر کرنی چاہیے۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر محمد رضوان خان، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ اچھے کردار اور سماجی ذمہ داری کا احساس بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو ایک طویل عرصے سے علم و ثقافت کا مرکز رہی ہے ۔ انھوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ یونیورسٹی کی اقدار و روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی تعلیم کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
دوسرے مہمانِ اعزازی صنعت کار جناب مرزا نسیم بیگ نے کریئر کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے، مستقل مزاجی سے محنت کرنے اور ناکامی کو کامیابی کی جانب ایک اہم قدم سمجھنے کی ترغیب دی۔
اس سے قبل استقبالیہ خطاب میں آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد فیاض الدین نے کہا کہ تعلیم صرف نصاب مکمل کرنے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا مقصد ذمہ دار اور اچھے انسانوں کی تشکیل بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لیے والدین اور اساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔
نائب پرنسپل ڈاکٹر شاہد جلیل نے اظہارِ تشکر کیا، جب کہ پروگرام کی نظامت سید عتیق الرحیم نے کی۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں طلبہ ، اساتذہ اور سرپرستوں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ