

نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ یوم آزادی کے موقع پر چلائے جا رہے ’ہر گھر ترنگا 2026‘ مہم کے تحت نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے بدھ کے روز ارکان پارلیمان کے ساتھ ایک خصوصی بائیک ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزارت ثقافت کے زیر اہتمام یہ ریلی قومی گیت ”وندے ماترم“ کی 150ویں سالگرہ کی یاد میں منعقد کی گئی ۔
ریلی میں مرکزی وزرا کرن رجیجو،راجیو رنجن سنگھ، گجیندر سنگھ شیخاوت، ویریندر کمار، جی کشن ریڈی اور جتیندر سنگھ سمیت کئی ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر اہل وطن سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور یوم آزادی کے موقع پر گھروں پر ترنگا لہرا کر ملک کے تئیں احترام اور اتحاد کا پیغام دینے کی اپیل کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ”وندے ماترم“ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں لوگوں کے اندر حب الوطنی جذبہ جگانے سب سے بڑا ترغیب کا ذریعہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد نے زبان، خطہ اور مذہب سے بالاتر ہوکر پوری قوم کو متحد کیا اور ”وندے ماترم“ اس قومی شعور کی سب سے طاقتور علامت ہے۔
انہوں نے سری وجے پورم، انڈمان اور نکوبار جزائر میں فلیگ پوائنٹ پر ترنگا لہرا کر ہر گھر ترنگا مہم کے حالیہ آغاز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی تاریخی مقام ہے جہاں سبھاس چندر بوس نے 30 دسمبر 1943 کو ترنگا لہرا کر انڈمان اور نکوبار کو برطانوی راج سے آزاد قرار دیا تھا۔
ریلی میں شامل ارکان پارلیمنٹ اور نوجوانوں نے ہاتھوں میں ترنگا پکڑ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور قوم کی تعمیر کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بانسوری سوراج نے کہا کہ ترنگا صرف قومی پرچم نہیں بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے عزم، امنگوں اور خوابوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارچ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو خراجعقید ت پیش کرنے اور ملک کی نئی نسل کے روشن مستقبل کا جشن ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد