
یوپی کے 28 اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ، 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان
پریاگ راج، 12 اگست (ہ س)۔ آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران پریاگ راج سمیت اترپردیش کے 28 اضلاع میں بادلوں کی گرج چمک، بجلی گرنے اور بارش کا امکان ہے۔ یہ اطلاع یوپی کے محکمہ موسمیات لکھنو نے الرٹ جاری کرتے ہوئے دی ہے۔ بارش کے امکان کے پیشِ نظر سی ایس اے کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے نے کسانوں اور عام لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
چندر شیکھر آزاد یونیورسٹی آف ایگری کلچر اینڈ ٹیکنالوجی کانپور (سی ایس اے) کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کے ذریعے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ریاست کے مرزاپور، پریاگ راج، سنت رویداس نگر (بھدوہی)، پرتاپ گڑھ، کوشامبی، فتح پور، رائے بریلی اور امیٹھی میں تیز آندھی کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور جھونکوں کے ساتھ ہوا کی رفتار تقریباً 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوپی کے آٹھ اضلاع کے علاوہ دیگر 20 اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواوں کے ساتھ بادلوں کی گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
ان میں ریاست کے مرزاپور، پریاگ راج، سنت رویداس نگر (بھدوہی)، پرتاپ گڑھ، چترکوٹ، مہوبا، باندہ، کوشامبی، ہمیر پور، فتح پور، جالون، رائے بریلی، امیٹھی، کانپور نگر، جھانسی، اٹاوہ، آگرہ، کانپور دیہات، اناو اور اوریا شامل ہیں۔ اس طرح ہنگامی انتباہ میں کل 20 اضلاع کو ہلکی سے درمیانی بارش، بجلی اور تیز ہواوں کے لحاظ سے محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔ ان میں سے پہلے گروپ کے آٹھ اضلاع زیادہ شدید موسم کی تنبیہ والے ہیں۔
چندر شیکھر آزاد یونیورسٹی آف ایگری کلچر اینڈ ٹیکنالوجی (سی ایس اے)، کانپور کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے کے مطابق، مانسون کی سرگرمی اور فضا میں مناسب نمی کی وجہ سے اتر پردیش کے کئی حصوں میں مقامی سطح پر گرج چمک والے بادل بن رہے ہیں۔ ایسے میں کم وقت میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ ڈاکٹر پانڈے نے کہا کہ آندھی کے دوران کھلی جگہوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے پاس جانے سے پرہیز کرنا چاہیے نیز بجلی چمکنے کے دوران بالخصوص احتیاط برتنی چاہیے۔ فضا میں نمی بڑھنے پر کچھ علاقوں میں تیز بوچھاریں بھی پڑ سکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بارش اور تیز ہوا کی صورت حال میں کسانوں کو کھیتوں میں کھڑی فصلوں اور تیار پیداوار کے حوالے سے احتیاط برتنی چاہیے۔ بجلی چمکنے کے دوران کھیتوں میں کام کرنے سے گریز کرنا اور محفوظ مقام پر رہنا بہتر ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن