
دہرادون، 12 اگست (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم دہرادون سمیت ریاست کے بیشتر علاقوں میں بدھ کی صبح بادلوں کے درمیان دھوپ بھی نکلی۔ آسمان پر بادل چھائے رہنے سے موسم خوشگوار بنا رہا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بدھ کو جاری بلیٹن کے مطابق، آج اترکاشی، رودرپریاگ، چمولی، پتھورا گڑھ اور باگیشور میں متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ دیگر پہاڑی اضلاع میں کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ہریدوار اور ادھم سنگھ نگر میں کہیں کہیں بہت ہلکی سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 13 اگست کو دہرادون، ٹہری، پتھورا گڑھ، باگیشور اور چمپاوت میں بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز سے بہت تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ وہیں 14 اگست کو دہرادون، پتھورا گڑھ، باگیشور اور نینی تال میں شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، چٹانیں گرنے، سڑکوں اور شاہراہوں کے متاثر ہونے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ لوگوں سے ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث چمولی میں 18، پتھورا گڑھ میں 15، اترکاشی میں 12، رودرپریاگ میں سات، باگیشور میں چھ، دہرادون میں چھ، نینی تال میں چار، ٹہری میں تین اور پوڑی میں دو سڑکیں بند ہیں۔ تاہم چار دھام اور سرحدی علاقوں کی اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔ رشی کیش-یمونوتری قومی شاہراہ (این ایچ-134)، تواگھاٹ-گنجی اور دھارچولا-تواگھاٹ سڑک، منسیاری-ملم سرحدی سڑک اور جوشی مٹھ-ملاری-نیتی قومی شاہراہ (این ایچ-107 بی) پر ٹریفک چل رہا ہے۔
مرکزی آبی کمیشن کی بدھ کی صبح 10 بجے کی رپورٹ کے مطابق ریاست کی کئی ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہے۔ الکنندا ندی میں پانی کی سطح 625.30 میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی وارننگ سطح 626 میٹر اور خطرے کی سطح 627 میٹر ہے۔ منداکنی میں پانی کی سطح 621.00 میٹر رہی۔ اس کی وارننگ سطح 623.70 میٹر اور خطرے کی سطح 624.70 میٹر ہے۔ اس کے علاوہ یمنا میں پانی کی سطح 604.40 میٹر اور ٹونس ندی میں 769 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد