
سہرسہ، 12 اگست (ہ س)۔ بہار میں بدھ کے روز سے موسم کا مزاج بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورنیہ، سپول، چھپرہ اور اورنگ آباد سمیت 18 اضلاع میں گرج چمک اور آندھی کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں 30 سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہلکی سے درمیانی بارش بھی متوقع ہے۔ حالانکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے کسی بھی حصے میں شدید بارش کا کوئی الرٹ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، بھوجپور، بکسر، کیمور، روہتاس، اورنگ آباد، سہرسہ، مدھے پورہ، سپول، ارریہ، کشن گنج، پورنیہ اور کٹیہار میں موسم خراب رہ سکتا ہے۔ ان اضلاع کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں اور بجلی گرنے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پٹنہ موسمیاتی مرکز کی تازہ ترین پیشین گوئی کے مطابق بدھ کے روز بہار کے شمال مغربی، شمال وسطی اور شمال مشرقی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار 30 سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو اس خراب موسم میں بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بہار میں مانسون کی سرگرمی کمزور رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کے کسی بھی ضلع میں شدید بارش کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم نیپال سے متصل سرحدی علاقوں میں کچھ مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔
منگل کے روز بہار میں کمزور مانسون کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ ریاست کے کئی اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا۔ حالانکہ دوپہر کے وقت مشرقی اور جنوبی بہار کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے راحت پہنچائی اور عام زندگی کو بھی درہم برہم کردیا۔منگل کی دوپہر بہار کے کچھ حصوں میں موسم کا مزاج اچانک تبدیل ہوگیا۔ گیا اوربانکا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز گرج چمک اور آندھی سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو خاص احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan