
ممبئی ، 12 اگست (ہ س)۔
ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں سے اظہار تشکر کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں ہر گھر ترنگا مہم کے تحت خطوط نویسی مہم شروع کی گئی ہے۔ 11 اگست 2026 سے تھانے شہر کے مختلف میونسپل اسکولوں میں طلبہ و طالبات نے پوسٹ کارڈ پر فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کے نام خطوط لکھ کر ان کی بہادری، حوصلے اور ملک کی خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔
مہم کا مقصد طلبہ میں کم عمری ہی سے حب الوطنی، قومی فخر اور ملک کے محافظوں کے تئیں احترام کا جذبہ پیدا کرنا اور فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کی خدمات پر اظہار تشکر کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر متالی سنچیتی اور ایجوکیشن آفیسر شیش راؤ بڑے کی رہنمائی میں تھانے کے مختلف اسکولوں میں طلبہ کی شرکت جاری ہے۔خطوط نویسی کے دوران طلبہ نے پوسٹ کارڈ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فوجی جوانوں کو درپیش مشکلات، ان کے حوصلے، قربانیوں اور ملک کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے لکھا کہ فوجی جوانوں کی وجہ سے وہ محفوظ زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ جوان اپنے خاندانوں سے دور رہ کر ملک کے دفاع کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
مختلف میونسپل اسکولوں کے طلبہ نے فوجی جوانوں کو اپنا حقیقی ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سلام پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعض طلبہ نے سرحدوں کی حفاظت پر جوانوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دیگر نے شہریوں کی سلامتی کے لیے پولیس اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔مختلف اسکولوں میں اساتذہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے جذبات اور خیالات خطوط کے ذریعے فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں تک پہنچانے کی ترغیب دی۔ طلبہ نے اپنی سمجھ، تخلیقی صلاحیت اور جذبات کے مطابق خطوط تحریر کیے۔
یہ خط نویسی مہم طلبہ میں حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور ملک کے محافظوں کے احترام جیسے اقدار کو فروغ دینے کی مؤثر کوشش ثابت ہورہی ہے۔ فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کی خدمات کے تئیں طلبہ کے اظہار تشکر نے مہم کو جذباتی اور متاثر کن بنا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے