
نئی دہلی ،12اگست ( ہ س )۔
حسبِ دستورِ قدیم امسال بھی رحلتِ ختم الانبیاء ، رحمتہ للعالمین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہادتِ نواسہ رسول، حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی مناسبت سے مجلسِ عزا بعنوان ”یادِ ختم المرسلین“ کا انعقاد تنظیمِ ماتم (امروہہ) دہلی رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام بعد نمازِ مغربین بمقام شیعہ جامع مسجد، کشمیری گیٹ، دہلی عمل میں آیا۔
مجلسِ عزا کا آغاز سوز و سلام سے ہوا، جس کی سعادت جناب سید علی ضامن صاحب و ہمنوا نے حاصل کی، جبکہ مجلس کو خطاب عالیجناب مولانا قاضی محمد عسکری صاحب قبلہ نے فرمایا۔
مولانا صاحب قبلہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج رحلت حضرت محمد مصطفٰی (ص) و شہادت امام حسن مجتبٰی علیہ السلام ہے، یہ وہ عظیم ھستیاں ہیں جنہیں اللہ نے رول ماڈل بنا کر بھیجا ہے اور انھیں تمام علوم اور فضائل سے آراستہ کرنے کے ساتھ ہی ہر قسم کی خطا و لغزش سے پاک بنایا ہے۔ ہم اگر دنیا و آخرت میں کامیاب بننا چاہتے ہیں تو ان کی پیروی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے اور اللہ جل شانہ نے قرآن مجید میں ان کی سیرت پر عمل کرنے کا حکم بھی دیا ہے، لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوة حسنة بیشک رسول خدا کی سیرت تمہارے لئے نمونہء عمل ہے۔ انہوں نے رحلتِ رسولِ اکرم اور شہادتِ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے پ±رغم واقعات اور ان سے وابستہ دینی و اخلاقی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو سیرتِ رسولِ اکرم اور فرامینِ اہلبیت علیہم السلام پر عمل پیرا ہونے کی تلقین فرمائی۔
مجلس کے اختتام پر حسبِ سابق تنظیمِ ماتم کی جانب سے حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے شبیہِ تابوت مع علمِ مبارک برآمد کیا گیا۔ عزادارانِ امام مظلوم نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے جنابِ سیدہ سلام اللہ علیہا کی خدمت میں ان کے پدرِ بزرگوار، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزندِ گرامی حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کا پرسہ پیش کیا۔
شبیہِ تابوت مع علمِ مبارک شیعہ جامع مسجد، کشمیری گیٹ سے برآمد ہوا اور عزادارانِ و عقیدتمندان کی پرجوش شرکت کے ساتھ اپنے مقررہ و روایتی راستے سے ہوتا ہوا درگاہ پنجہ شریف، دہلی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مختلف انجمن ہائے ماتمی نے بھی نوحہ خوانی و سینہ زنی میں بھرپور شرکت کی اور نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت و پرسہ پیش کیا۔
پروگرام کے موقع پر تنظیمِ ماتم کے صدر جناب محمد جوہر نقوی ، نائب صدر جناب عباس حیدر جنرل سیکریٹری جناب باقر مہدی بزمی کے علاوہ تنظیم کے دیگر عہدیداران و سرپرست حضرات، اراکینِ تنظیم، مختلف انجمن ہائے ماتمی کے ذمہ داران اور کثیر تعداد میں مومنین و مومنات اور محبان و عقیدتمندان نے شرکت فرمائی۔
تنظیم کی جانب سے مجلس و جلوس میں شریک مومنین و مومنات کے لیے تبرک کا باقاعدہ اور معقول انتظام کیا گیا تھا، جبکہ عزاداران کی سہولت اور آمد و رفت کے پیشِ نظر واپسی کے لیے بسوں کا بھی انتظام کیا گیا۔ حسبِ سابق اس سال بھی تنظیمِ ماتم کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا، جہاں عزاداران کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
تنظیمِ ماتم (امروہہ) دہلی رجسٹرڈ کے عہدیداران نے مجلس و شبیہِ تابوت میں شرکت کرنے والے تمام مومنین و مومنات، انجمن ہائے ماتمی، نوحہ خوانوں، علماء و ذاکرین اور پروگرام کے انتظامات میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیماتِ قرآن، سیرتِ رسولِ اکرم اور فرامینِ اہلبیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت اور عزاداری کی روایات و اقدار کے تحفظ کے لیے تنظیم اپنی خدمات آئندہ بھی اسی جذبہ اخلاص و عقیدت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais