
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ کھیل وزارت نے انتظامی امور میں خامیوں اور وقت پر انتخابات نہ کرانے سمیت کئی مسائل کو لے کر بدھ کو ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا (ٹی ٹی ایف آئی) کی منظوری معطل کر دی۔ وزارت نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کو انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ٹی ایف) کے ساتھ مشاورت کرکے کھیل کے انتظام و انصرام کے لیے ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔
وزارت نے اپنے حکم میں کہا کہ ٹی ٹی ایف آئی کو رواں سال کے آغاز میں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن فیڈریشن کی جانب سے موصول جواب کو غیر اطمینان بخش پایا گیا۔ اس کے بعد منظوری معطل کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا، ’’آئی او اے، بین الاقوامی ادارے (آئی ٹی ٹی ایف) کی مشاورت سے ٹی ٹی ایف آئی میں مناسب داخلی ضابطہ جاتی نظام قائم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ اس میں ایڈہاک کمیٹی کی تشکیل بھی شامل ہوگی، جب تک کہ ٹی ٹی ایف آئی میں باقاعدہ طور پر تشکیل شدہ انتظامی نظام بحال نہیں ہو جاتا۔‘‘
وزارت نے ٹی ٹی ایف آئی کی جانب سے وقت پر انتخابات نہ کرانے کو معطلی کی اہم وجوہات میں شامل کیا ہے۔ وزارت کے مطابق، قومی کھیل فیڈریشن سے متوقع جواب دہی اور جمہوری طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹی ٹی ایف آئی نے وزارت کی جانب سے جاری ہدایات اور رہنما اصولوں کو بار بار نظرانداز کیا۔
ٹی ٹی ایف آئی کی صدر میگھنا اہلاوت نے دسمبر 2022 میں عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی فیڈریشن کے کام کاج کو لے کر وقتاً فوقتاً تنازعات سامنے آتے رہے ہیں۔
ٹی ٹی ایف آئی نے رواں سال جنوری میں سابق کھلاڑی اور جنرل سکریٹری کملیش مہتا کو مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات میں معطل کر دیا تھا۔ مہتا نے اس فیصلے کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے ان کی معطلی منسوخ کر دی۔
یہ معاملہ فیڈریشن کے اندر جاری مبینہ اقتدار کی کشمکش کے طور پر بھی سامنے آیا تھا۔ تاہم، ٹی ٹی ایف آئی نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ شفافیت، اجتماعی فیصلہ سازی کے عمل اور ہندوستانی ٹیبل ٹینس کے طویل مدتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا تھا۔
منیکا بترا کے انتخاب کے تنازعہ سے بھی گھری تھی فیڈریشن
ٹی ٹی ایف آئی اس وقت بھی تنازعہ میں گھری تھی جب اسٹار ٹیبل ٹینس کھلاڑی منیکا بترا کو ایشیائی کھیلوں کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ فیڈریشن نے اس کی وجہ ضروری گھریلو مقابلوں میں حصہ نہ لینا بتائی تھی۔ منیکا نے عوامی طور پر اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے انتخابی عمل کو مبہم اور غیر منصفانہ قرار دیا تھا اور کھیل وزارت سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔ وزارت نے ٹی ٹی ایف آئی کے کام کاج سے متعلق ان تمام معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے فیڈریشن کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔
قومی چیمپئن شپ میں تاخیر پر بھی وزارت ناراض
کھیل وزارت نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے میں ٹی ٹی ایف آئی کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔ وزارت نے گزشتہ سال قومی چیمپئن شپ کے انعقاد میں ہوئی تاخیر کو اس کی ایک مثال قرار دیا۔ ٹی ٹی ایف آئی کو رواں سال انتخابات کرانے ہیں، لیکن اب تک انتخابی عمل کب شروع ہوگا، اس بارے میں کوئی واضح معلومات نہیں دی گئی ہیں۔
2022 میں بھی معطل ہوئی تھی ٹی ٹی ایف آئی
ٹی ٹی ایف آئی کو اس سے پہلے فروری 2022 میں بھی دہلی ہائی کورٹ نے معطل کیا تھا۔ اس وقت منیکا بترا نے فیڈریشن کی انتخابی پالیسی کو چیلنج کیا تھا، جس کے باعث انہیں ایشیائی چیمپئن شپ کی ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس وقت منتظم مقرر کرنے کا حکم دیا تھا اور ٹی ٹی ایف آئی کے کام کاج کی صورتحال پر سخت تبصرہ کیا تھا۔ اس کے بعد دسمبر 2022 میں نئے انتخابات ہونے کے بعد فیڈریشن کو بحال کر دیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد