
جموں, 12 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے بدھ کے روز 1990 میں کشمیری پنڈت مصنف اور ان کے بیٹے کے دوہرے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کر تلاشی لی۔
حکام کے مطابق ایس آئی اے نے مجموعی طور پر 9 مقامات پر تلاشی کارروائی کی، جن میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مختلف مقامات کے علاوہ جموں کے باغِ باہو علاقے میں واقع شاہباز کالونی بھی شامل ہے۔
یہ کارروائی کشمیری پنڈت مصنف اور سماجی کارکن سروانند کول پریم اور ان کے بیٹے ویرندر کول کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔ دونوں کا تعلق اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے کے صوف شالی گاؤں سے تھا۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں نے 29 اپریل 1990 کو سروانند کول پریم اور ان کے بیٹے کو اغوا کیا تھا، جبکہ یکم مئی 1990 کو دونوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ اس کے بعد ڈورو پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ طویل عرصے سے زیرِ تفتیش اس معاملے میں تازہ کارروائی تحقیقات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ ایس آئی اے قتل کے واقعات سے متعلق حالات و واقعات کا سراغ لگانے اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے افراد کے قتل سے متعلق ان متعدد مقدمات میں یہ معاملہ بھی شامل ہے جنہیں حالیہ برسوں میں دوبارہ تحقیقات کے لیے کھولا گیا اور ایس آئی اے کے حوالے کیا گیا۔
حکام کے مطابق بدھ کی صبح جموں کے باغِ باہو علاقے کی شاہباز کالونی میں ایک مقام پر تلاشی لی گئی، جبکہ اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں بھی متعدد مقامات پر کارروائی کی گئی۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی کا عمل جاری تھا۔
تلاشی کے مقامات اور کارروائی کے نتائج سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر