’لنگی والا‘ تبصرے پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ، چیئرمین نے ارکان کو وقار برقرار رکھنے کی نصیحت کی
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ راجیہ سبھا میں کیرالہ سے سی پی آئی (ایم) کے رکن پارلیمنٹ جان برٹاس کو مبینہ طور پر ’لنگی والا‘ کہنے کے معاملے پر بدھ کے روز ایوان میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جان برٹاس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو نے ان ک
’لنگی والا‘ تبصرے پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ، چیئرمین نے ارکان کو وقار برقرار رکھنے کی نصیحت کی


نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ راجیہ سبھا میں کیرالہ سے سی پی آئی (ایم) کے رکن پارلیمنٹ جان برٹاس کو مبینہ طور پر ’لنگی والا‘ کہنے کے معاملے پر بدھ کے روز ایوان میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جان برٹاس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو نے ان کے لیے توہین آمیز انداز میں ’لنگی والا‘ لفظ استعمال کیا۔ اس معاملے میں انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین کو مراعات شکنی کا نوٹس بھی دیا ہے۔

راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے ایوان میں تمام ارکان کو پارلیمانی وقار برقرار رکھنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا، ’’میرے علم میں کچھ ایسے معاملات آئے ہیں، جن میں ایوان میں خطاب کرنے والے ارکان کی تقریر کے دوران درمیان میں ٹوکنے کے ساتھ غیر شائستہ اور وقار کے منافی تبصرے کیے گئے۔‘‘

انہوں نے تمام معزز ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنے ساتھی ارکان کے جذبات اور احساسات کو ٹھیس پہنچانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت تنوع سے بھرپور ہے اور کسی بھی رکن کی ثقافتی روایات یا علاقائی شناخت کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔اس معاملے پر ایوان کے قائد اور مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا کہ اس معاملے میں صرف ایک فریق کا موقف سننا مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو کو بھی اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے، تاکہ تمام حقائق کی بنیاد پر منصفانہ فیصلہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب جان برٹاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’جس دن میں ایوان میں خطاب کر رہا تھا، اس وقت بی جے پی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو نے میرے لیے ’لنگی والا‘ جیسا توہین آمیز تبصرہ کیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ دھوتی پہنے ہوئے تھے اور انہیں ملیالی اور جنوبی ہندوستانی ہونے پر فخر ہے۔ ان کے مطابق، یہ ان کی ثقافتی پوشاک کا حصہ ہے۔ تاہم، جب کسی کی علاقائی یا ثقافتی شناخت کو اسے نیچا دکھانے یا توہین کرنے کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ قابل قبول نہیں ہے۔

جان برٹاس نے کہا کہ ایوان کو اس معاملے پر مناسب موقف اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں سشمتا دیو کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ذاتی طور پر ان کے دل میں کسی کے خلاف کوئی بد نیتی نہیں ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande