پروفیسر شیبا جیلانی اے ایم یو کے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی چیئرپرسن مقرر
علی گڑھ, 12 اگست (ہ س): ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی پروفیسر شیبا جیلانی کو 12 اگست 2026 سے آئندہ تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر جیلانی 1990 سے شعبہ
پروفیسر شیبا جیلانی


علی گڑھ, 12 اگست (ہ س): ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی پروفیسر شیبا جیلانی کو 12 اگست 2026 سے آئندہ تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

پروفیسر جیلانی 1990 سے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ سے وابستہ ہیں اور اکتوبر 2020 سے بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے اے ایم یو سے کیمیکل انجینئرنگ میں بی ایس سی انجینئرنگ اور ایم ایس سی انجینئرنگ کی ڈگریاں حاصل کیں، جبکہ 2010 میں آئی آئی ٹی روڑکی سے کیمیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔

انہوں نے قومی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل تحقیقی جرائد میں 25 سے زائد مقالے شائع کیے ہیں۔ ان کی تحقیقی دلچسپیوں میں کیمیکل انجینئرنگ نظام کی ماڈلنگ اور سیمولیشن، اور ماحولیاتی انجینئرنگ شامل ہیں۔ انھوں نے سِن گیس اور ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے میتھین کی اصلاح، داخلی فضائی معیار، صنعتی آلودگی اور ماحولیاتی پائیداری جیسے موضوعات پر تحقیق کی ہے۔

پروفیسر جیلانی ‘‘نمامی گنگا پروگرام’’ کے تحت بڑے تحقیقی منصوبوں سے بھی وابستہ رہی ہیں، جن میں گنگا طاس میں شدید آلودگی پھیلانے والی صنعتوں سے متعلق مطالعات شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے نیشنل مشن فار کلین گنگا نے مالی معاونت فراہم کی۔ وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرز کی تاحیات رکن اور انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز انڈیا کی رکن بھی ہیں۔

انہوں نے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی ، اے ایم یو میں متعدد انتظامی ذمہ داریاں بھی انجام دی ہیں، جن میں شعبہ کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام کی این بی اے منظوری کے لیے کوآرڈینیٹر، نصاب ترقیاتی کمیٹی کی کنوینر اور مختلف بورڈز آف اسٹڈیز کی رکن کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ وہ اس وقت عبداللہ ہال کی پرووسٹ بھی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande