
نئی دہلی، 12 اگست(ہ س)۔ پیپر لیک معاملہ کی سماعت کر رہی دہلی کی راوز ایونیو کورٹ کی فاسٹ ٹریک عدالت نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے دائر چارج شیٹ کا نوٹس لیا ہے۔ خصوصی جج اجے گپتا نے چارج شیٹ کا نوٹس لیا۔
عدالت نے اس معاملے میں 13 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ کا نوٹس لیا۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں 13 افراد کو ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔ سی بی آئی نے یش یادو، مانگیلال بیوال، دنیش بیوال، وکاس بیوال، شبھم خیرنار، دھننجے لوکھنڈے، پرہلاد کلکرنی، تیجس ہرشد کمار، ڈاکٹر منوج شیروڑے، شیوراج رگھوناتھ موٹےگاونکر، منیشا واگھمارے، منیشا ماندھارے اور منیشا سنجے حولدار کو ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔ تمام ملزم اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔
سی بی آئی نے ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 315 (5)، 318 (4)، 61 (2)، 238, 303 (2)، بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کی دفعہ 13 (2) اور 13 (1) (اے) اور عوامی امتحان (غیر قانونی طریقہ کار کی روک تھام) قانون کی دفعہ 10، 3, 4, 5 اور 11 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔
اس سے قبل عدالت نے تین ملزموں مانگیلال بیوال، وکاس بیوال اور دنیش بیوال کے لائی ڈیٹیکٹر ٹیسٹ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ چارج شیٹ پر سماعت کے دوران سی بی آئی نے کہا تھا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر 12 مئی کو درج کی گئی تھی، جس کے فورا بعد 72 افسران اور آٹھ سائبر فارنسک ماہرین کی مدد سے تحقیقات شروع کی گئی۔ سی بی آئی نے مہاراشٹر، راجستھان، ہریانہ، دہلی اور دیگر ریاستوں میں 92 مقامات پر تلاشی لی۔ اس معاملے میں پہلی گرفتاری 13 مئی کو ہوئی تھی۔
ہندوستان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی