انڈیا گیٹ سے کرتویہ پتھ تک نکالی گئی ترنگا یاترا
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین اور بی جے پی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں بدھ کو انڈیا گیٹ سے کرتویہ پتھ تک ترنگا یاترا کا انعقاد کیا گیا۔ دہلی حکومت کی جان
انڈیا گیٹ سے کرتویہ پتھ تک نکالی گئی ترنگا یاترا


نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین اور بی جے پی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں بدھ کو انڈیا گیٹ سے کرتویہ پتھ تک ترنگا یاترا کا انعقاد کیا گیا۔

دہلی حکومت کی جانب سے منعقد یہ پروگرام ملک بھر میں جاری ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس خصوصی پروگرام میں ہزاروں طلبہ سمیت دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی اور ہاتھوں میں ترنگا تھام کر ملک کے تئیں فخر اور احترام کے جذبات کا اظہار کیا۔ یہ ترنگا یاترا انڈیا گیٹ سے شروع ہو کر رفیع مارگ، کرتویہ پتھ تک نکالی گئی۔ یاترا میں دہلی حکومت کے وزرا پرویش صاحب سنگھ، آشیـش سود، سردار منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندرَاج سنگھ سمیت بڑی تعداد میں نوجوان اور شہری بھی موجود رہے۔

ترنگا یاترا میں بڑی تعداد میں اسکول اور کالج کے طلبہ کے ساتھ این سی سی کیڈٹس اور این ایس ایس رضاکاروں کی شرکت خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔ نوجوانوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر پورے جوش و خروش کے ساتھ یاترا میں حصہ لیا۔ یہ شرکت آزادی کی جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کے تئیں احترام اور قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کے فعال کردار کا پیغام دیتی نظر آئی۔

اس موقع پر نتن نوین نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر ’ہر گھر ترنگا‘ آج عوامی شراکت داری کی ایک مضبوط مہم بن چکی ہے۔ ترنگے کے احترام اور قومی فخر کے جذبے کے ساتھ ملک کا ہر طبقہ جوش و خروش سے اس مہم سے جڑ رہا ہے۔ انہوں نے اہل وطن سے اپیل کی کہ اس یوم آزادی اپنے امر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم سے جڑیں اور ملک کی یکجہتی و سالمیت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ 15 اگست صرف آزادی کا جشن ہی نہیں، بلکہ ہندوستان کے شاندار سفر اور کامیابیوں کو یاد کرنے کا بھی موقع ہے۔ آزادی کے بعد ہندوستان نے متعدد چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ یہ سفر ملک کے کروڑوں شہریوں کی محنت، عزم اور اجتماعی تعاون کی کہانی ہے۔ ہر قوم کے سفر میں چیلنجز اور بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے، لیکن یوم آزادی ہمیں یہ دیکھنے کا موقع دیتا ہے کہ ہم نے کہاں سے شروعات کی تھی اور آج کہاں تک پہنچے ہیں۔ ہندوستان کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہوئے ہمیں آنے والے برسوں کے لیے مزید بڑے عزم کرنے چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ اس یوم آزادی ہر گھر ترنگے کے رنگ میں رنگا نظر آئے اور حب الوطنی کا جذبہ ہر شہری کے دل میں دکھائی دے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کی گئی ’ہر گھر ترنگا‘ مہم سے جڑتے ہوئے ہر شہری اپنے گھروں کی چھتوں پر ترنگا لہرائے اور ترنگے کے ساتھ اپنی سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرے۔ یہ صرف ایک مہم نہیں، بلکہ ملک کے تئیں احترام، فخر اور اتحاد کا اجتماعی اظہار ہے۔ جب ملک کا ہر شہری اپنے گھر پر ترنگا لہرائے گا تو یہ منظر ہندوستان کی یکجہتی، سالمیت اور قومی فخر کا پیغام پورے ملک اور دنیا تک پہنچائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande