
حیدرآباد ،12 اگست (ہ س)۔
کریم نگرمیں قتل کی کوشش کے ایک معاملے میں بی جے پی کارپوریٹرسمیت سات افراد کوپولیس نے گرفتارکرلیا۔ گرفتارشد گان پرایک نوجوان اوراس کے بھائی پرچاقواور بیئر کی بوتلوں سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ کریم نگر تھری ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع کسان نگر علاقے میں پیش آیا۔
29ویں ڈویژن کے بی جے پی کارپوریٹرسومیدی وینوپرساد نے مبینہ طورپراپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرشری کانت اور اس کے بھائی پر حملہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران ملزمان نے چاقوؤں اور بیئر کی بوتلوں کا استعمال کیا۔ الزام ہے کہ وینو پرساد نے شری کانت کے پیٹ پر بیئر کی بوتل سے حملہ کیا اور بعد ازاں موقع سے فرارہوگیا۔ حملے میں شری کانت شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی افراد نے اسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ نوجوان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی شروع کی۔ پولیس نے سومیدی وینو پرساد (اے-1)، کودیڈی ناگیندر، پنتھنگی مدھو، نریلا ناگراجو، شری راموجی بھانو چندر، سنگم وینو اور پنتھنگی ششی دھر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور حملے کے پس پردہ وجوہات اور ملزمان کے کردار کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق