
بلیا، 12 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے بلیا کے نگرا تھانہ علاقے میں منگل کی دیر رات ایک کلینک مالکن کی خون آلود لاش ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ اہل خانہ نے خاتون کے بھتیجے پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ ان الزامات کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قتل کے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ کی ہدایت پر تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
نگرا تھانہ علاقہ کے گڑوار موڑ پر بی ایس پی لیڈر سیارام کی بیوی 35 سالہ کنچن ڈسپنسری چلاتی تھیں۔ وہ منگل کی شام دیر گئے اپنے بھتیجے کے ساتھ ڈسپنسری میں موجود تھیں۔ جب کنچن کافی دیر تک گھر نہیں پہنچیںتو ان کے شوہر سیارام نے ساڑھے آٹھ بجے کے قریب فون کیا۔ کئی بارفون کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔ اس پر سیارام ڈسپنسری پہنچے۔ دروازہ کھولتے ہی اندر کنچن کی لہولہان لاش دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نگرا تھانہ انچارج اور سی او رسڑا پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر جائے وقوعہ سے تفتیش شروع کردی۔ رات دیر گئے، پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور حکام سے معلومات اکٹھی کرنے کے بعد ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش شکلا نے بتایا کہ خاتون کی لہولہان لاش ملی ہے۔ اہل خانہ نے ان کے بھتیجے پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد