
گوہاٹی، 12 اگست (ہ س)۔ آسام کے 441 گاؤں کو سیلاب نے اب بھی اپنی زد میں لے رکھا ہے، جس سے 112,718 شہری متاثر ہوئے ہیں۔ ندیوں کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ اس سے بہت سے اضلاع میں بتدریج حالات معمول پر آ رہے ہیں۔ تاہم کئی اضلاع میں سیلاب کا اثربدستور جاری ہے۔ یہاں کے متاثرہ رہائشی امدادی کیمپوںکے ساتھ پشتوں پر پلاسٹک کے خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما روزانہ جائزہ اجلاس منعقد کر عہدیداروں کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ وہ اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔ رضاکار تنظیمیں اور افراد بھی متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے 11 اگست تک کے اعداد و شمار کے مطابق، دھنسیری ندی (نملی گڑھ) اور دریائے کسیارا (سری بھومی) اب بھی علاقے میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے اب تک 102 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گولاگھاٹ، شیوساگر، ہوجائی، جورہاٹ، درنگ، لکھیم پور اور ناگاؤں اضلاع اب بھی متاثر ہیں۔ ان اضلاع کے 25 ریونیو ڈویژنوں کے کل 441 گاؤں متاثر ہیں۔ اس وقت ریاست میں کل 112,718 شہری سیلاب سے متاثر ہیں۔ 10,879.03 ہیکٹیئر زرعی اراضیپانی میں ڈوب گئی ہیں۔
سیلاب میں راحت اور بچاو مہم میں ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز (ایف اینڈ ای ایس)، سرکل آفس/مقامی انتظامیہ اور شہری دفاع/تربیت یافتہ رضاکار سیلاب کی امداد اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں منگل کو حکومت نے67 طبی ٹیمیں تعینات کیں۔ اس دوران دس کشتیاں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان کشتیوں کے ذریعے 121 افراد کو نکالا گیا۔ سیلاب نے سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد