
حیدرآباد ،12 اگست (ہ س)۔
حضرت سید شاہ افضل بیابانی رفاعی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے 175ویں عرسِ شریف کے موقع پر قاضی پیٹ میں اہلِ بیت کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین حضرت سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے کی۔ کانفرنس میں ریاستی وزراء پونگولیٹی سرینواس ریڈی، محمد اظہرالدین اورکونڈاسریکھا کےعلاوہ مقامی رکنِ اسمبلی نائنی راجندرریڈی، ناگراجو،ریوری پرکاش ریڈی، بسواراج سارایا اوردیگرعوامی نمائندوں، چیئرمینوں اورمعززین نے شرکت کی۔ اس موقع پرمقررین نے امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ صوفیائے کرام اور بزرگانِ دین نے ہمیشہ محبت، رواداری، انسانیت اور باہمی احترام کا درس دیا ہے، جس پرعمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کومزیدمضبوط کیاجاسکتا ہے۔ ہرسال عرسِ شریف کے موقع پرقاضی پیٹ کی سرزمین سے گنگا جمنی تہذیب اورآپسی اتحاد و یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال سامنے آتی ہے۔ مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پرایک ساتھ جمع ہوکر امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران ملک اورریاست کی ترقی،امن وخوشحالی اورسماج میں باہمی بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی طورپرزوردیا گیا۔ مقررین نے کہاکہ مختلف مذاہب اورطبقات کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام ہی ایک مضبوط اورپُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔ حضرت سید شاہ افضل بیابانی رفاعی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے 175ویں عرسِ شریف کے موقع پرمنعقدہ یہ کانفرنس نہ صرف مذہبی عقیدت کا مظہر بنی بلکہ قاضی پیٹ سے امن، محبت، مذہبی ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کا بھی مضبوط پیغام دیا گیا۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق