
علی گڑھ, 12 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اندرا گاندھی ہال میں بی اے سالِ دوم کی طالبہ کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متوفیہ کی شناخت اِرتیکا سمیر کے طور پر کی گئی ہے، جو کولکاتا کی رہنے والی بتائی جاتی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق طالبہ 28 تاریخ کو کولکاتا کے ہاوڑہ سے علی گڑھ واپس آئی تھی۔ دیر رات ہاسٹل کے کمرے میں اس کی موت کی اطلاع ملنے کے بعد اے ایم یو انتظامیہ نے پولیس کو مطلع کیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائن پولیس موقع پر پہنچی اور دوپٹے سے لٹکی ہوئی ارتیکا کو میڈیکل کالج پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ واقعے سے قبل طالبہ کی اپنی والدہ سے فون پر بات بھی ہوئی تھی۔ تاہم اس واقعے کی اصل وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔
اے ایم یو کے پروکٹر پروفیسر محمد ناوید علی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد اندرا گاندھی ہال سمیت یونیورسٹی کیمپس میں غم کی فضا ہے۔غورطلب ہے کہ دوپہر میں اہل خانہ علی گڑھ پہنچے اور متو فیہ کو بغیر پوسٹ مارٹم کرائے ہوئے اپنے ساتھ لیکر کولکاتہ کے لئے روانہ ہوگئے
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ