
ہر گھر ترنگا ریلی میں وزیر کھیل نے کہا، فٹنس کے ساتھ آلودگی اور ٹریفک کا بھی حل ہے سائیکل
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر نوجوانان و امور کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے بدھ کے روز دہلی میں ’ہر گھر ترنگا‘ سائیکل ریلی کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ سائیکل چلانا نہ صرف فٹنس کو فروغ دیتا ہے، بلکہ آلودگی اور ٹریفک جیسے مسائل سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ دہلی یونیورسٹی سے منعقدہ اس ریلی میں 1,000 سے زائد مائی بھارت سوین سیوکوں (رضاکاروں) نے حصہ لیا۔
ریلی کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویا نے کہا، ’’دہلی میں 1,000 سے زائد مائی بھارت سوین سیوکوں نے ہر گھر ترنگا سائیکل ریلی کے ذریعے ملک کو فٹنس کا پیغام دیا ہے۔ کسی بھی ملک کو وکست راشٹر (ترقی یافتہ قوم) بنانے کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ملک کے شہری صحت مند رہیں۔‘‘ انہوں نے سائیکل چلانے کے وسیع فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’سائیکل فٹنس کا پیغام ہے، سائیکل آلودگی کا حل ہے اور سائیکل ٹریفک کے مسئلے کا بھی حل ہے۔‘‘
یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ پروگراموں کے تحت ڈاکٹر مانڈویا نے مائی بھارت سوین سیوکوں کے ساتھ ’ہر گھر ترنگا‘ ریلی میں بھی حصہ لیا۔ اس سے قبل پیر کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریوں سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت ترنگا یاتراوں اور ترنگا ریلیوں میں جوش و خروش سے حصہ لینے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے اسے ہندوستان کی اجتماعی طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) کی تعمیر کے عزم سے جوڑنے کی اپیل کی۔
امت شاہ نے کہا، ’’وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ شروع کی گئی ہر گھر ترنگا مہم ہمارے ملک کی اجتماعی طاقت کا عکس ہے۔ یہ ہمیں ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے عزم میں متحد کرتی ہے۔ اس سال یہ مہم وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے موقع سے مربوط ہے، جس سے ہر محبِ وطن کے لیے اس کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔‘‘ انہوں نے شہریوں سے ترنگا ریلیوں اور اجتماعی طور پر وندے ماترم کے گانے میں حصہ لینے کے ساتھ گھروں پر ترنگا لہرانے اور ہر گھر ترنگا ویب سائٹ پر ترنگے کے ساتھ سیلفی اپ لوڈ کرنے کی اپیل کی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے 9 اگست کو شہریوں سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں جوش و خروش سے حصہ لینے اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے کے اجتماعی عزم کو دہرانے کا کی اپیل کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ترنگا ملک کا وقار اور ہر شہری کو قوم کے لیے اپنا بہترین دینے کی مسلسل ترغیب ہے۔ انہوں نے اس سال کی مہم کو وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے لیے وقف کیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے تحت سال 2022 میں شروع ہوئی ہر گھر ترنگا مہم اب ہر یومِ آزادی پر منعقد ہونے والی قومی روایت بن چکی ہے۔ اس کے تحت کروڑوں شہری رضاکارانہ طور پر اپنے گھروں پر قومی پرچم لہراتے ہیں۔
اس سال مہم کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ یہ وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ہر گھر ترنگا پروگراموں کے دوران وندے ماترم کا اجتماعی گانا بھی اہم حصہ ہوگا۔ شہریوں کو قومی گیت وندے ماترم کی صحیح دھن اور پیشکش سیکھنے میں مدد کے لیے وزارت ثقافت نے پانچ مراحل پر مشتمل آن لائن ٹیوٹوریل تیار کیا ہے۔ یہ ٹیوٹوریل مخصوص ویب سائٹ اور ہر گھر ترنگا پورٹل پر دستیاب کرایا جائے گا۔ اس سال ترنگے کے ساتھ سیلفی لینے کی سہولت میں وندے ماترم کے بول اور اس کی دھن کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر گھر ترنگا نمائشوں میں قومی گیت کی تاریخ کو بھی پیش کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن