
پٹنہ، 11 اگست( ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری آج وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں ریاستی سطح کے سہیوگ پروگرام ہال میں ریاستی سطح کے سہیوگ پروگرام میں شامل ہوئے۔ آج منعقدہ ریاستی سطح کے سہیوگ پروگرام میںکل 181 درخواست دہندگان نے شرکت کی، جن کے معاملات حل کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ محکموں کی طرف سے شکایات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو فوری راحت مل سکے۔ جو بھی افسر یا ملازم درخواست کے تصفیہ میں مدد نہیں کر تے ہیں ، کام میں کوتاہی برتتے ہیں ، ان کے خلاف کارروائی کریں۔
میٹنگ کے دوران جہان آباد کی پریا، مظفر پور کے وبھوتی کمار سنگھ، نوادہ کی کانتی دیوی اور سہرسہ کے شنکر کمار سمیت پوری ریاست سے آئے ہوئے درخواست دہندگان نے سہیوگ شیویر پروگرام کی ستائش کر تے ہوئے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو تیزی سے حل کیا جا رہا ہے۔ کچھ معاملات پر عدم اطمینان کی وجہ سے، ہم ریاستی سطح کے سہیوگ پروگرام میں آئے ہیں اور مسائل کا حل ہو رہا ہے ۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ جی کا شکریہ ادا کر تے ہیں ۔پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر شہری کی شکایات کے شفاف، منصفانہ اور بروقت حل کو یقینی بنانا ہے۔ سہیوگ شیویرکے ذریعے بڑی تعداد میں لوگوں کے مسائل حل کیے گئے ہیں اور جن درخواست دہندگان کو ابھی تک اپنی درخواستوں کے نتائج پر اعتراض ہے، ان کے لیے ایک ریاستی سطح کا سہیوگ پروگرام قائم کیا گیا ہے تاکہ ان کی شکایات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور منصفانہ اور فوری فیصلے کیے جاسکیں۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری اراضی جو کہ تجاوزات سے پاک کرائی گئی ہے وہ تجاوزات سے آزاد ہی رہے۔ ضعیفی پنشن اور راشن کارڈ کے لیے اہل درخواست دہندگان کو ان کے فوائد فوری طور پر ملیں۔ تکنیکی وجوہات کی بنا پر کوئی بھی اہل شخص سرکاری اسکیموں کے فوائد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مان ،سون سیزن کے بعد نئی سڑکوں کی تعمیر کے کام کو تیز کیا جائے۔ تمام افسران شہریوں کے ساتھ احترام اور حساسیت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کی شکایات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ لوگوں کو سہیوگ کیمپس کے ذریعے 30 دنوں کے اندر ان کے مسائل کا حل مل جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام افسران پوری شفافیت اور حساسیت کے استھ مقررہ مدت کے اندر عوام کے مسائل کا تصفیہ کریں۔ مسائل کو حل کرکے عوام کو مطمئن کرنا ہے۔ ریاستی حکومت عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ریاستی سطح کے سہیوگ شیویر کے ذریعے شکایات کا منصفانہ حل اس سمت میں ایک اہم اقدام ہے۔ اس کا مقصد بروقت انصاف اور آخری فرد تک سرکاری اسکیموں کے فوائد کو یقینی بناتے ہوئے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔پروگرام میںنائب وزیر اعلیٰ بیجیندر پرساد یادو، متعلقہ محکموں کے وزراء، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیئے امرت، ڈی جی پی ونے کمار،وزیر اعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری/ پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری اور درخواست دہندہ موجود تھے ، جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے تمام اضلاع کے ڈی ایم اور سینئر افسران منسلک تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan