
چنئی، 11 اگست(ہ س)۔ تمل ناڈو اسمبلی نے منگل کو متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (این ای ای ٹی) کے نظام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ارون راج نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ این ای ای ٹی امتحان کے نظام کو ختم کرے اور بارہویں جماعت میں حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر میڈیکل کورسز میں داخلہ دے۔
اسمبلی کا اجلاس منگل کو صبح 9.30 بجے شروع ہوا۔ قرارداد پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ این ای ای ٹی پیپر لیک اور دیگر مبینہ بے ضابطگیوں کی وجہ سے طلباءکا امتحانی نظام پر اعتماد ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ای ای ٹی کی وجہ سے تمل میڈیم میں پڑھنے والے طلباءاور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کے لیے طبی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ 12 سال کی اسکولی تعلیم کی کارکردگی کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک روزہ داخلہ امتحان کی بنیاد پر اعلی تعلیم کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کے مطابق، این ای ای ٹی نے نجی کوچنگ اداروں کی توسیع کو فروغ دیا ہے اور اس سے طلباءاور ان کے خاندانوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو اسمبلی نے 2021 میں این ای ای ٹی سے استثنی کے لیے ایک قانون منظور کیا تھا، لیکن ابھی تک اس کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ این ای ای ٹی کو سماجی انصاف اور طلباءکے مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے وزیر نے تمام اراکین سے قرارداد کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
مختلف جماعتوں کے اراکین کی طرف سے اظہار خیال
قرارداد پر بحث کے دوران، مختلف جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے این ای ای ٹی سے متعلق مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ممبران نے امتحانات میں مبینہ بدعنوانی، طلباءپر ذہنی اور مالی دباو اور این ای ای ٹی سے منسلک طلباءکی خودکشی کا معاملہ بھی اٹھایا۔
بحث کے بعد اسپیکر جے سی ڈی پربھاکر نے اراکین سے کہا کہ وہ تحریک کے حق اور مخالفت میں ووٹ دیں۔ ووٹ کے بعد، انہوں نے اعلان کیا کہ این ای ای ٹی امتحان کے نظام کو ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
تاہم، اس سے پہلے کہ تحریک کو ووٹ کے لیے رکھا جا سکے، نیلگری ضلع کی اوٹی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے بھوج راجن ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔
ایف سی آر اے ترمیم بل کے خلاف تحریک
اس کے بعد اسمبلی میں ایک علیحدہ قرارداد پیش کی جانی ہے جس میں مرکزی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن امینڈمنٹ بل 2026 کو اس کی موجودہ شکل میں واپس لے۔ کہا جارہا ہے کہ یہ تجویز وزیر اسکولی تعلیم راج موہن نے پیش کی ہے۔
تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کا موجودہ اجلاس 5 اگست سے جاری ہے۔ مالی سال 2026تا2027 کا بجٹ 5 اگست کو پیش کیا گیا۔ اگلے دن زرعی بجٹ پیش کیا گیا۔ 7 اگست کو سابق ایم ایل اے اور فلمی شخصیات کے انتقال پر ایک تعزیتی قرارداد پڑھی گئی اور بجٹ پر بحث شروع ہوئی۔
اجلاس میں اپوزیشن اور حکمران جماعت کے اراکین کے درمیان مختلف مسائل پر گرما گرم بحث بھی ہوئی۔ اسی سلسلے میں، ریاستوں کو مالی مختص کرنے سے متعلق ایک قرارداد بھی ایوان میں پیش کی گئی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی