امپائر کے فیصلے سے اختلاف پر عمرزئی کو آئی سی سی کی سرزنش، ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی ملا
بیلفاسٹ، 11 اگست (ہ س)۔ افغانستان کے آل راؤنڈر عظمت اللہ عمرزئی کو آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے سے اختلاف ظاہر کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سرزنش کی ہے۔ عمرزئی کے کھاتے میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گ
امپائر کے فیصلے سے اختلاف پر عمرزئی کو آئی سی سی کی سرزنش، ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی ملا


بیلفاسٹ، 11 اگست (ہ س)۔ افغانستان کے آل راؤنڈر عظمت اللہ عمرزئی کو آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے سے اختلاف ظاہر کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سرزنش کی ہے۔ عمرزئی کے کھاتے میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔آئی سی سی نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ عمرزئی کو کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا۔ یہ ضابطہ بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلے سے اختلاف ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔یہ واقعہ دوسرے ون ڈے میں افغانستان کی اننگز کے دوران پیش آیا۔ بارش کے باعث میچ کو 47، 47 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ افغانستان کی اننگز کے 41ویں اوور میں عمرزئی کو آؤٹ قرار دیا گیا، تاہم وہ کافی دیر تک کریز پر موجود رہے اور اشاروں کے ذریعے فیصلے پر اپنی ناراضی ظاہر کرتے رہے۔عمرزئی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور آئی سی سی کے بین الاقوامی میچ ریفری پینل کے ڈین کوسکر کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی۔ اس لیے معاملے میں باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔ان کے خلاف الزام فیلڈ امپائرز گیریتھ موریسن اور رولی بلیک، تھرڈ امپائر جانی کینیڈی اور فورتھ امپائر جارج برولی نے عائد کیا تھا۔یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران عمرزئی کا پہلا ڈیمیرٹ پوائنٹ ہے۔ آئی سی سی کی لیول-1 کی ایسی خلاف ورزی پر سرکاری سرزنش، میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں۔ یہ واقعہ اس میچ کے دوران پیش آیا، جس میں افغانستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 92 رنز سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ بارش کے باعث پہلا میچ ٹاس کے بغیر ہی منسوخ ہوگیا تھا۔ دوسرے ون ڈے میں کپتان رحمت شاہ کی قیادت میں افغانستان نے 47 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔جواب میں راشد خان نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں اور آئرلینڈ کی پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 207 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ تیسرے ون ڈے میں بھی راشد خان نے عمدہ کارکردگی جاری رکھتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور بعد میں ناقابل شکست 37 رنز بنا کر افغانستان کو آئرلینڈ کے 206 رنز کے ہدف تک پہنچایا۔ افغانستان نے یہ میچ تین وکٹوں سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں ہونے والے اس ورلڈ کپ میں افغانستان مسلسل چوتھی مرتبہ شرکت کرے گا۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande