آر جی کر واقعہ : وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے بعد نئی ایف آئی آر، نرمل گھوش سمیت تین پر شواہد مٹانے اور سازش کے الزامات
آر جی کر واقعہ : وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے بعد نئی ایف آئی آر، نرمل گھوش سمیت تین پر شواہد مٹانے اور سازش کے الزامات کولکاتا، 11 اگست (ہ س)۔ آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کی خاتون ڈاکٹر کی موت کے معاملے میں شواہد مٹانے اور مجرمانہ سازش کے الزا
آر جی کر اسپتال


آر جی کر واقعہ : وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے بعد نئی ایف آئی آر، نرمل گھوش سمیت تین پر شواہد مٹانے اور سازش کے الزامات

کولکاتا، 11 اگست (ہ س)۔ آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کی خاتون ڈاکٹر کی موت کے معاملے میں شواہد مٹانے اور مجرمانہ سازش کے الزامات کو لے کر ایک نئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کی ہدایت کے بعد متوفیہ کے والد نے پیر کو بیرک پور پولیس کمشنریٹ میں تحریری شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر نرمل گھوش سمیت تین لوگوں کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ بیرک پور پولیس کمشنریٹ کی جانب سے منگل کی صبح اس سلسلے میں بیان جاری کر کے اس کی تصدیق کی گئی ہے۔

معاملے کی جانچ کو لے کر حکومت بدلنے کے بعد ایک بار پھر آر جی کر معاملے کی پرانی فائلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ گزشتہ اتوار کو متوفیہ کی دوسری برسی کے موقع پرشمال 24 پرگنہ کے پانی ہاٹی میں واقع لوک سنسکرتی بھون میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری بھی شامل ہوئے تھے۔ اسی پروگرام کے دوران انہوں نے واقعے سے متعلق کچھ نئے پہلووں کی جانچ کے لیے بیرک پور کے پولیس کمشنر کی قیادت میں خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے اور علیحدہ معاملہ درج کر کے جانچ آگے بڑھانے کی ہدایت دی تھی۔

وزیر اعلیٰ نے متوفیہ کی آخری رسومات کے عمل پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گھولا تھانہ علاقے کے ناٹا گڑھ قدم تلا شمشان گھاٹ پر آخری رسومات کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔ ان کے مطابق، آخری رسومات کے لیے متوفیہ کی لاش سیریل نمبر تین پر تھی، لیکن بعد میں اسے بدل کر سیریل نمبر ایک کر دیا گیا اور رات میں ہی جلد بازی میں آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آخری رسومات کے لیے مقررہ فیس خاندان سے کیوں نہیں لی گئی اور متوفیہ کے کسی قریبی رشتہ دار کے لازمی دستخط کیوں نہیں کرائے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس پورے عمل میں اس وقت کے پانیہاٹی ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی نرمل گھوش، سوم ناتھ دے اور سنجیو مکھرجی کا کردار مشکوک تھا اور اس کی تفصیلی جانچ کی ضرورت ہے۔

انہی الزامات کی بنیاد پر اب نرمل گھوش، سوم ناتھ دے اور سنجیو مکھرجی سمیت دیگر لوگوں کے خلاف نئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس آخری رسومات کے عمل، اس سے متعلق دستاویزات اور اس دوران موجود لوگوں کے کردار کی جانچ کرے گی۔ یہ بھی پتہ لگایا جائے گا کہ آخری رسومات کے اخراجات کس نے برداشت کیے اور خاندان سے مقررہ فیس کیوں نہیں لی گئی۔

حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں ڈیوٹی میں لاپرواہی کے الزامات کو لے کر پولیس کے تین سینئر افسران کے خلاف پہلے ہی سخت کارروائی کی جا چکی ہے اور انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ نئی جانچ کا مقصد ان سوالات کے جوابات تلاش کرنا ہے، جن پر اب تک وضاحت نہیں آ سکی ہے۔

نئی ایف آئی آر میں مجرمانہ سازش اور شواہد مٹانے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم، ان الزامات کی تصدیق جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔ معاملے میں مرکزی جانچ ایجنسی اور عدالت کی جانب سے جاری کارروائیوں کے علاوہ ریاستی پولیس کی یہ علیحدہ جانچ بھی آگے بڑھے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande