
نئی دہلی، 11 اگست (ہ س)۔ رچناتمک کانگریس کا دو روزہ قومی اجلاس بدھ سے کانسٹی ٹیوشن کلب میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں تعلیم، سماجی انصاف، اقتصادی انصاف، بے روزگاری اور ماحولیات سمیت عوامی مسائل سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میں پہلے دن ملک بھر سے تقریباً 400 اور دوسرے دن تقریباً 600 نمائندے شرکت کریں گے۔
رچناتمک کانگریس کے صدر سندیپ دیکشت نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ اجلاس کے پہلے دن تنظیم اور رچناتمک کانگریس کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دوسرے دن پہلے دن کی بات چیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی پروگرام سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں دن اجلاس کا اوپن سیشن ہوگا۔ اس میں لوگوں کے سوالات لیے جائیں گے اور ان کے جوابات دیے جائیں گے۔ رچناتمک کانگریس ایسا پلیٹ فارم ہے، جہاں سماجی، اقتصادی اور سیاسی مسائل اٹھانے والے لوگ ایک ساتھ آ سکتے ہیں۔
دیکشت نے کہا کہ رچناتمک کانگریس ایسے لوگوں سے مکالمے کا پلیٹ فارم ہے، جو لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے اجلاس کے لیے صبح 10 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا، لیکن یوم آزادی کی تیاریوں کے پیش نظر پروگرام کا وقت بڑھا کر دوپہر 12 بجے کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے آغاز میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے خطاب کریں گے، جبکہ دوپہر دو بجے کے بعد راہل گاندھی لوگوں سے مکالمہ کریں گے۔
واضح رہے کہ رچناتمک کانگریس، انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے قائم کیا گیا ایک آزاد پلیٹ فارم ہے، جسے پہلے آؤٹ ریچ سیل کے نام سے جانا جاتا تھا۔ اس کی سربراہی چیئرمین سندیپ دیکشت کر رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم سول سوسائٹی گروپس، ماہرین تعلیم اور زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکنوں کو پارٹی کے ساتھ جوڑتا ہے تاکہ سماجی مسائل اور پالیسی سے متعلق امور پر کام کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد