
خودکشی، دختر کشی، نشہ آوری اور فضائی آلودگی کے خلاف عوامی بیداری مہم، ایک ہزار مقامات پر رابطہ مہم کا اعلان
اورنگ آباد ، 11 اگست (ہ س): وحدت اسلامی ہند کی جانب سے 16 سے 26 اگست 2026 تک ملک گیر سطح پر پیغام رحمت عالم مہم چلائی جائے گی۔ مہم کا مرکزی موضوع ولا تقتلوا انفسکم یعنی اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو رکھا گیا ہے، جبکہ خودکشی، دختر کشی، نشہ آوری اور فضائی آلودگی کو اہم ذیلی موضوعات بنایا گیا ہے۔ وحدت اسلامی ہند کے امیر محمد ضیاء الدین صدیقی نے پریس کانفرنس میں مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج قومی اور عالمی سطح پر انسانیت کو ان مسائل کا سامنا ہے اور ان کے حل کے لیے رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاق، عبادات، معاملات، خاندانی زندگی اور سماجی امور سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں کامیابی کے لیے نبی کریم ﷺ کی سنت اور طریقہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ خودکشی کو موجودہ دور کے سنگین عوامی صحت اور سماجی بحرانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال سات لاکھ سے زائد افراد خودکشی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ خودکشی کی کوشش کرنے والوں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
مہم کے منتظمین کے مطابق دستیاب عالمی اعداد و شمار میں متعدد مسلم اکثریتی ممالک میں خودکشی کی شرح نسبتاً کم بتائی جاتی ہے۔ سعودی عرب، اردن، مصر، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا میں یہ شرح عموماً فی ایک لاکھ دو سے پانچ کے درمیان، جبکہ امریکہ میں تقریباً 14 سے 15، بھارت میں 12 سے 13 اور جنوبی کوریا میں 20 سے زائد بتائی گئی ہے۔
محمد ضیاء الدین صدیقی نے کہا کہ اسلام خودکشی کو محض اخلاقی برائی نہیں بلکہ انسانی جان کے تقدس کے خلاف سنگین جرم قرار دیتا ہے۔ ان کے مطابق خودکشی ایک کثیر الجہتی مسئلہ ہے، تاہم اسلامی تعلیمات انسان کو مایوسی سے امید، اضطراب سے اطمینان اور خودکشی سے بامقصد و باوقار زندگی کی طرف رہنمائی کرتی ہیں۔ انہوں نے اسے اسلام کے آفاقی اور انسانیت نواز پیغام کا حصہ قرار دیا۔
دختر کشی کے مسئلے پر انہوں نے کہا کہ رحم مادر میں لڑکی کے جنین کو تلف کرنا سنگین سماجی، اخلاقی اور انسانی مسئلہ ہے، جس سے خاندانی نظام، معاشرتی توازن اور انسانی اقدار متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسے معصوم جان کے خاتمے اور اللہ کی امانت میں خیانت قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسنگ گرلز کا مسئلہ انتہائی تشویش ناک ہے اور دنیا میں قتل کی جانے والی ہر تیسری بیٹی ہندوستانی ہے۔ ان کے مطابق بیٹی کی حفاظت دراصل انسانیت، عدل اور انسانی تہذیب کی حفاظت ہے۔
نشہ آوری کو مہم کا ایک اہم موضوع قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نشہ صرف فرد کی کمزوری نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک تباہ کن مسئلہ بن چکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال تقریباً 32 لاکھ افراد شراب اور منشیات کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں منشیات کے استعمال میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے قانون کے ساتھ ایمان، اللہ کے سامنے جواب دہی کا احساس اور مضبوط کردار بھی ضروری ہے۔
فضائی آلودگی اور ماحولیاتی بحران کے حوالے سے منتظمین نے کہا کہ بین الحکومتی پینل آن کلائمیٹ چینج کی چھٹی جائزہ رپورٹ کے مطابق انسانی سرگرمیوں کے باعث صنعتی دور کے بعد زمین کے اوسط درجہ حرارت میں تقریباً 1.1 ڈگری سیلسیس اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال تقریباً 70 لاکھ قبل از وقت اموات کا سبب بنتی ہے۔ منتظمین نے ان حالات کو ماحولیاتی بے اعتدالی اور فساد فی الارض کی جدید صورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے صدیوں قبل ایسے اصول پیش کیے جنہیں آج دنیا ماحولیاتی اخلاقیات کے طور پر تسلیم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام انسان کو زمین کا مالک نہیں بلکہ اس کا امین اور جواب دہ نگہبان قرار دیتا ہے۔ زمین اور ماحول کا تحفظ اللہ کی امانت کی حفاظت، سنت نبوی ﷺ کی پیروی اور آنے والی نسلوں کے حقوق کی ادائیگی کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق انسانی معاشرے کے مسائل کا حل رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات، پیروی اور محبت میں پوشیدہ ہے اور قرآن مجید آپ ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے رحمت اور نمونہ عمل قرار دیتا ہے۔
وحدت اسلامی ہند کے مطابق مہم کے دوران ملک کی 17 ریاستوں میں تقریباً ایک ہزار مقامات پر عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، جہاں تنظیم کا نظام موجود ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف زبانوں میں کتابچے، فولڈرز، اسٹیکرز اور پوسٹرز تیار کیے گئے ہیں، جنہیں عوام تک پہنچایا جائے گا۔ مہم کے سلسلے میں علماء کرام اور مساجد کے ائمہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے خطابات میں خودکشی، دختر کشی، نشہ آوری اور فضائی آلودگی جیسے مسائل پر عوام میں بیداری پیدا کریں۔ وحدت اسلامی کے وابستگان سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر منظم انداز میں مہم کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔
پریس کانفرنس سے وحدت اسلامی ہند کے امیر محمد ضیاء الدین صدیقی، قومی سیکریٹری ڈاکٹر انیس اور مہم کے کنوینر محمد ساجد صحرائی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی شوریٰ کے رکن بسم اللہ شیخ، مرکزی شوریٰ کے رکن مولانا محمد مشتاق فلاحی، پریس کوآرڈینیٹر شیخ منتخب الدین اور وحدت اسلامی ہند مہاراشٹر ریجن اورنگ آباد یونٹ کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے