
ممبئی احمد آباد ہائی وے پر کارروائی، 500 روپے کے جعلی نوٹوں کی بڑی کھیپ برآمد
ممبئی ، 11 اگست (ہ س): ممبئی سے متصل ورار میں وسئی کرائم برانچ کی ٹیم نے ممبئی احمد آباد ہائی وے پر شیرساٹ پھاٹا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 500 روپے کے جعلی نوٹوں سے بھری ایک کار ضبط کی ہے۔ پولیس نے کار سے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ معاملے کی مزید تفتیش مانڈوی پولیس اسٹیشن کی ٹیم کررہی ہے۔
تفتیشی پولیس افسر کے مطابق وسئی کرائم برانچ یونٹ دو کی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جعلی نوٹوں کی بڑی کھیپ ایک کار کے ذریعے تھیلوں میں بھر کر لے جائی جارہی ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے ممبئی احمد آباد ہائی وے پر شیرساٹ پھاٹا کے قریب ناکہ بندی کی اور مشتبہ کار کو روک کر تلاشی لی۔تلاشی کے دوران کار میں رکھے ایک بیگ سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ پولیس نے جعلی کرنسی اور کار ضبط کرنے کے ساتھ کار میں سوار ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
برآمد شدہ جعلی نوٹوں کی گنتی مانڈوی پولیس اسٹیشن میں رات بھر جاری رہی۔ اتنی بڑی مقدار میں جعلی کرنسی کی برآمدگی کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش تیز کردی ہے۔ تفتیشی ٹیم یہ معلوم کرنے میں مصروف ہے کہ جعلی نوٹ کہاں تیار کیے گئے تھے اور انہیں کہاں پہنچایا جانا تھا۔پولیس نے مزید تفتیش کے لیے مختلف ٹیمیں روانہ کی ہیں۔ پولیس جعلی کرنسی کے اس نیٹ ورک کے مبینہ سرغنہ اور اس سے وابستہ دیگر افراد کا بھی سراغ لگا رہی ہے۔ تفتیش کے دوران جعلی نوٹوں کی تیاری، ترسیل اور پورے نیٹ ورک میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے