
نئی دہلی، 11 اگست (ہ س)۔ وزارت خارجہ نے اروناچل پردیش کو بھارت کا ناقابل تقسیم اور اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک خود مسلّم اور ناقابل تردید حقیقت ہے۔ وزارت کا یہ بیان بھارتی محکمہ سروے کے سرکاری نقشوں میں اروناچل پردیش کے 27 مقامات کے ناموں کو معیاری بنانے کے بھارت کے حالیہ اقدام پر چین کے اعتراض کے جواب میں سامنے آیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا، ’’اروناچل پردیش بھارت کا ناقابل تقسیم اور اٹوٹ حصہ ہے اور یہ ایک مسلّم حقیقت ہے۔ اس کے ساتھ ہی میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس ناقابل تردید حقیقت کو کوئی تبدیل نہیں کرسکتا۔‘‘
واضح رہے کہ چین اروناچل پردیش کو جنوبی تبت یا ’ژانگ نان‘ کا حصہ قرار دیتا ہے۔ چین 2017 سے وقتاً فوقتاً وہاں کے مختلف مقامات کے ناموں کی فہرست جاری کرتا رہا ہے۔ بھارت چین کے ان دعوؤں اور ناموں کی تبدیلی کو زمینی حقیقت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کرتا رہا ہے۔اب بھارت نے اروناچل پردیش کے ان مقامات کے ناموں کو سرکاری طور پر معیاری بنانے کے لیے قدم اٹھایا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan