
جموں, 11 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ’انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف جموں اینڈ کشمیر 2026‘ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ فیسٹیول کے لیے اب تک 80 سے زائد ممالک سے فلموں کی انٹریز موصول ہو چکی ہیں۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے پیر کے روز جموں میں واقع ڈی آئی پی آر میڈیا کمپلیکس میں ’فریم بائی فریم , دی اسٹوری ٹیلر میٹ‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات کی کمشنر سکریٹری آر ایلس واز نے فلم سازوں، فنکاروں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
آر۔ ایلس واز نے کہا کہ جموں و کشمیر کا سنیما کے ساتھ قدیم اور گہرا تعلق رہا ہے اور یہ فلم فیسٹیول اس ورثے کو آگے بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول صرف فلموں کی نمائش تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مکالمے، تخلیقی تبادلے اور ثقافتی روابط کے لیے بھی ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر کا پہلا بین الاقوامی فلم فیسٹیول 7 سے 10 ستمبر تک سری نگر، جموں اور گلمرگ میں منعقد کیا جائے گا۔ ملک و بیرون ملک سے فلمی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
فیسٹیول کے دوران فیچر فلموں، شارٹ فلموں اور دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فلم سازی کی مختلف تکنیکوں سے متعلق ماسٹر کلاسز اور تکنیکی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ’فیسٹیول فلم میکر مقابلہ 2026‘ بھی شروع کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مقامی نوجوان فلم سازوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر