
نئی دہلی، 11 اگست (ہ س)۔
مرکزی حکومت نے بھارتی انتظامی سروس(آئی اے ایس) کے چھ سینئر افسران کے تبادلے کیے ہیں۔ مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے حکم کے مطابق مدھیہ پردیش کیڈر کی 1994 بیچ کی آئی اے ایس افسر پلوّی جین گوول کو وزارتِ کارپوریٹ امور کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ وہیں دیپتی گور مکھرجی کو محکمہ اعلیٰ تعلیم کا سکریٹری بنایا گیا ہے۔
مرکزی وزارتِ کارمک، عوامی شکایات اور پنشن کے محکمہ کارمک و تربیت (ڈی او پی ٹی) کی جانب سے جاری حکم کے مطابق پلوّی جین گوول اس وقت محکمہ امور نوجوانان کی سکریٹری ہیں۔ انہیں دیپتی گور مکھرجی کی جگہ وزارتِ کارپوریٹ امور کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
ان کی جگہ تمل ناڈو کیڈر کے 1993 بیچ کے آئی اے ایس افسر سنیل پالے وال کو محکمہ امور نوجوانان کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ پالے وال اس وقت انڈین ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی(آئی ڈبلیو اے آئی) کے چیئرمین ہیں۔
مدھیہ پردیش کیڈر کی 1993 بیچ کی آئی اے ایس افسر دیپتی گور مکھرجی کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔ انہیں وزارتِ تعلیم کے محکمہ اعلیٰ تعلیم کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ونیت جوشی کی جگہ لیں گی۔ ونیت جوشی کو وزارتِ پنچایتی راج کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اوڈیشہ کیڈر کے 1995 بیچ کے آئی اے ایس افسر سشیل کمار لوہانی کو کابینہ سکریٹریٹ میں اسپیشل ڈیوٹی آفیسر(او ایس ڈی) کی ذمہ داری کے ساتھ انڈین ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ وزارتِ بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے تحت آتا ہے۔انہیں سکریٹری سطح کا عہدہ اور تنخواہ دی جائے گی۔ ان کے لیے چیئرمین کا عہدہ عارضی طور پر سکریٹری سطح تک اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش کیڈر کے 1992 بیچ کے آئی اے ایس افسر وی ایل کنتھاراؤ کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔ انہیں محکمہ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا تحفظ کے سکریٹری کے عہدے سے ہٹا کر وزارتِ داخلہ کے راج بھاشا محکمہ میں اسپیشل ڈیوٹی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
انہیں سکریٹری سطح کا عہدہ اور تنخواہ دی جائے گی۔ 30 ستمبر 2026 کو انشولی آریا کی سبکدوشی کے بعد وہ راج بھاشا محکمہ کے سکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔
آسام-میگھالیہ کیڈر کی 1995 بیچ کی آئی اے ایس افسر ارچنا ورما کو وزارتِ جل شکتی کے محکمہ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا تحفظ کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ وہ وی ایل کنتھاراؤ کی جگہ ذمہ داری سنبھالیں گی۔ارچنا ورما اس وقت نیشنل واٹر مشن کی مشن ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan