
چنئی، 11 اگست (ہ س)۔ تمل ناڈو میں منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری اور کارروائی کو تیز کرنے کے مقصد سے منگل کو چنئی کے اسٹیٹ کالج آڈیٹوریم میں ”منشیات سے پاک تمل ناڈو“ مہم کا آغاز کیا گیا۔ وزیر اعلی وجے کی موجودگی میں منعقدہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں اسکول اور کالج کے طلبا نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز ”تمل تھائی وازتھو“ سے ہوا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ وجے نے طلبا کو منشیات سے دور رہنے اور منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پھیلانے کا عہد لیا۔ طلبا نے عہدلیتے ہوئے کہا”میں منشیات کی لت کا شکار نہیں بنوں گا“ ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے منشیات کے کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور تعاون دینے کا عہد کیا۔
اسٹیج پر پہنچنے کے بعد وزیر اعلی تمل ناڈو کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے منشیات اور تمباکو سے پاک کیمپس بیداری مہم کا آغاز کیا۔
منشیات سے پاک تمل ناڈو مہم کے تحت ریاست بھر میں ضبط شدہ منشیات کو تباہ کرنے کے لیے ریاست گیر مہم بھی منعقد کی گئی ۔ یہ کارروائی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزیر اعلیٰ وجے کی موجودگی میں ہوئی۔ وزیر اعلی نے ویڈیو کے ذریعے چنگلپٹو، ترونیل ویلی، کوئمبٹور اور تھنجاور کے علاقوں میں ضبط شدہ منشیات کو تباہ کرنے کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔
اس پروگرام میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے سماجی اور صحت کے اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس مہم کا مقصد اسکولوں اور کالجوں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کے خلاف وسیع پیمانے پر آگاہی پیدا کرنا اور نوجوانوں کو نشے سے دور رکھنا ہے۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ وجے نے محکمہ امتناعی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو اعزازات سے نوازا۔ انسداد منشیات مہم میں فعال کردار ادا کرنے والے پولیس افسران کی خدمات کو سراہا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے انسداد منشیات کلبوں کے ذریعے آگاہی کی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکول اور کالج کے طلبا کو بھی ایوارڈز سے نوازا۔
وزیر اعلیٰ وجے نے طلبا پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ پروگرام میں ریاست بھر میں انسداد منشیات بیداری مہم کو وسعت دینے اور نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد