ہائی کورٹ نے ابھیشیک بنرجی کو گرفتاری سے ملی عبوری راحت 31 اگست تک بڑھائی
کولکاتا، 11 اگست (ہ س)۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو تین مجرمانہ معاملات میں گرفتاری سے ملی عبوری تحفظ کو منگل کے روز 31 اگست تک بڑھا دیا۔ عدالت نے ان کے خلاف درج تین ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست پر حتمی
ہائی کورٹ نے ابھیشیک بنرجی کو گرفتاری سے ملی عبوری راحت 31 اگست تک بڑھائی


کولکاتا، 11 اگست (ہ س)۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو تین مجرمانہ معاملات میں گرفتاری سے ملی عبوری تحفظ کو منگل کے روز 31 اگست تک بڑھا دیا۔ عدالت نے ان کے خلاف درج تین ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست پر حتمی حکم جاری کرنے کے لیے 25 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔

جسٹس سوگت بھٹاچاریہ کی سنگل بینچ نے کہا کہ ابھیشیک بنرجی کو حاصل عبوری تحفظ 31 اگست تک یا اگلے حکم تک، جو بھی پہلے ہو، جاری رہے گا۔ یہ تین ایف آئی آر بھوانی پور تھانے میں 27 مئی اور کالی تلہ و وشنو پور تھانوں میں 16 جون کو درج کی گئی تھیں۔

ابھیشیک بنرجی کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل گوپال شنکرنارائنن نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ جانچ میں تعاون کر رہے ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اکتوبر 2025 میں بی جے پی لیڈر شوبھندو ادھیکاری کے خلاف درج 13 ایف آئی آر کو ہائی کورٹ کی جانب سے منسوخ کیے جانے کا بھی حوالہ دیا۔

ریاست کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ایس وی راجو نے ایف آئی آر منسوخ کرنے اور گرفتاری سے عبوری تحفظ جاری رکھنے کی درخواست کی مخالفت کی۔ انہوں نے دلیل دی کہ اگر کسی ایف آئی آر میں قابل دست اندازی جرم کا انکشاف ہوتا ہے تو ابتدائی مرحلے میں اسے منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جانچ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

سماعت کے دوران شکایت کنندہ ابھیجیت داس کی جانب سے وکیل جینت نارائن چٹرجی نے ابھیشیک بنرجی کو ’بہت بااثر‘ قرار دیتے ہوئے عبوری تحفظ کی مخالفت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر بنرجی کو حراست میں نہیں لیا گیا تو گواہوں کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے موکل کے لیے پولیس تحفظ کا مطالبہ بھی کیا۔

اس پر جسٹس بھٹاچاریہ نے زبانی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بدلنے کے بعد مغربی بنگال کی صورتحال بدل گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ابھیشیک بنرجی اب بھی اتنے بااثر ہیں تو آم تلا واقع ان کے رکن پارلیمنٹ دفتر کو منہدم کرنے کی کارروائی کیسے شروع ہوئی۔

عدالت نے یہ بھی ذکر کیا کہ ہائی کورٹ نے اتوار کو خصوصی سماعت کرتے ہوئے اس انہدامی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ جسٹس بھٹاچاریہ نے کہا کہ یہ واقعہ شکایت کنندہ کے اس دعوے کی حمایت نہیں کرتا کہ بنرجی کا اتنا اثر و رسوخ ہے کہ جانچ متاثر ہو سکتی ہے۔

سماعت کے دوران ریاست کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل سروجیت ناتھ مترا نے کہا کہ ڈائمنڈ ہاربر روڈ پر واقع وہ عمارت، جہاں ابھیشیک بنرجی کا رکن پارلیمنٹ دفتر تھا، اس کے لیے منظور شدہ نقشہ موجود نہیں تھا اور جائیداد کی ملکیت بھی ترنمول رکن پارلیمنٹ کے نام پر نہیں ہے۔

عدالت نے 6 اگست کی سماعت میں ریاست کی جانب سے دی گئی اس معلومات کو بھی مدنظر رکھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ابھیشیک بنرجی کے خلاف ریاست کے مختلف تھانوں میں مختلف الزامات سے متعلق کل 16 ایف آئی آر زیر التوا ہیں۔

اس سے قبل 30 جولائی کو جسٹس بھٹاچاریہ نے تین ایف آئی آر کے معاملات میں ابھیشیک بنرجی کو 17 اگست تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا تھا۔ منگل کو اسے بڑھا کر 31 اگست کر دیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande