
نئی دہلی، 9 جولائی (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں غیر قانونی تعمیرات اور بلدیاتی اداروں کی ملی بھگت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دہلی میونسپل کارپوریشن کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی احکامات کے باوجود حکام نے کارروائی نہیں کی تو عام لوگ بہت پریشان ہوں گے۔ جسٹس ا حسان الدین امان اللہ کی صدارت والی تعطیلاتی بنچ نے کہا کہ لاپرواہی کی وجہ سے کبھی عمارتیں گر جاتی ہیں تو کبھی مالویہ نگر میں آگ لگ جاتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ 20 مئی کے اپنے حکم میں اس نے دہلی کے لاجپت نگر اور سروجنی نگر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ محض نوٹس بھیج کر رسمی کارروائی مکمل کی گئی۔ عدالت نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے رویہ پر کافی تشویش کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران اس معاملے میں عدالت کی جانب سے مقرر کردہ ایمیکس کیوری نے کہا کہ حکم کے مطابق متعلقہ افسران کو ایسی غیر قانونی تعمیرات کو گرانا تھا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس بھیجے جانے تھے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن نے نوٹس بھیجے لیکن اس پر مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ایمیکس کیوری نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود دہلی میونسپل کارپوریشن کی ملی بھگت سے تعمیراتی کام جاری رہا۔
سپریم کورٹ نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق حکام کے احتساب کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے غیر قانونی تعمیرات کی اصل حالت کا جائزہ لینے کے لیے آئی آئی ٹی دہلی کے دو سینئر سول انجینئرنگ پروفیسروں اور دو ڈرافٹس مین پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ یہ ٹیم میونسپل کارپوریشن آف دہلی کے عہدیداروں اور ایک امیکس کیوری کے ساتھ ساکیت، لاجپت نگر اور سروجنی نگر کا معائنہ کرے گی اور عدالت کو رپورٹ پیش کرے گی۔
دہلی کے علاوہ، عدالت نے گروگرام، لکھنو¿، پٹنہ اور تمل ناڈو کے میونسپل افسران کو سخت ہدایات جاری کیں، ان سے درخواست کی کہ وہ خطرناک عمارتوں کو گرانے یا بند کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں اسٹیٹس رپورٹس پیش کریں جو ممکنہ تباہی کا باعث بن سکتی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی