
لندن، 04 جولائی (ہ س)۔ سات بار کے چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ نے ومبلڈن 2026 میں ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے روجر فیڈرر کے 105 جیت کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ تیسرے دور میں انہوں نے جمعہ کو فرانس کے آرتھر رینڈرکنیش کو 5-7، 4-6، 6-1، 6-7 (4-7) سے ہرا کر چوتھے دور میں جگہ بنا لی۔
39 سالہ جوکووچ اب فیڈرر کے مردوں کے سنگلز میں آٹھ ومبلڈن خطاب کے ریکارڈ کی برابری کرنے کی سمت میں ایک قدم اور آگے بڑھ گئے ہیں۔
سینٹر کورٹ پر کھیلے گئے مقابلے میں جوکووچ نے ابتدائی دو سیٹ شاندار انداز میں اپنے نام کیے، لیکن تیسرے سیٹ میں رینڈرکنیش نے زبردست واپسی کرتے ہوئے انہیں 1-6 سے ہرا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
فرانسیسی کھلاڑی نے اپنی تیز سروس اور جارحانہ کھیل سے چوتھے سیٹ میں بھی جوکووچ کو سخت چیلنج دیا۔ تاہم ٹائی بریکر میں تجربہ کار سربیائی کھلاڑی نے بہترین تحمل کا مظاہرہ کیا اور بغیر کوئی غلطی کیے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی جوکووچ نے ومبلڈن میں 105 ویں جیت درج کی اور روجر فیڈرر کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔
اب چوتھے دور میں ان کا سامنا روس کے کوالیفائر رومن سافیولن سے ہوگا۔ اگر جوکووچ یہ مقابلہ جیت جاتے ہیں تو وہ ومبلڈن میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں فیڈرر کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔ اس فہرست میں ٹاپ پر مارٹینا نوراتیلووا ہیں، جنہوں نے ومبلڈن میں 120 میچ جیتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن