
جکارتہ، 04 جولائی (ہ س)۔ مشرقی انڈونیشیا کے صوبہ نارتھ مالوکو کے قریب جمعہ کو 6.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق، اب تک اس زلزلے میں کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو اور انڈونیشیا کے چینل نیوز ایشیا (سی این اے) کے مطابق، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11:31 بجے ٹوبیلو سے تقریباً 58 کلومیٹر مغرب میں آیا۔ اس کا مرکز زمین کی سطح سے 120 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ قریبی علاقوں میں لوگ چند لمحوں کے لیے خوفزدہ ہو گئے۔
زلزلے کے مرکز سے تقریباً 114 کلومیٹر دور واقع شہر ٹرنیٹ کے ایک رہائشی نے بتایا کہ جھٹکوں کے وقت وہ ایک کافی اسٹال پر بیٹھے تھے، اچانک کرسی ہلنے لگی، جس سے انہیں ماضی میں آنے والے زلزلوں کی یاد تازہ ہو گئی۔
انڈونیشیا کی محکمۂ موسمیات، موسمیاتی تبدیلی اور ارضی طبیعیات (بی ایم کے جی) نے تصدیق کی ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انڈونیشیا رِنگ آف فائر کے علاقے میں واقع ہے، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کی مسلسل حرکت کے باعث اکثر زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ اسی وجہ سے اس ملک کو دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ زدہ علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد