
ممبئی ، 4 جولائی (ہ س) ۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی طبیعت اچانک ناساز ہونے پر جمعہ کی رات انہیں تھانے کے جوپیٹر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ہفتہ کی صبح سے ڈاکٹروں کی جانب سے ان کے مختلف طبی معائنے کیے جا رہے ہیں، جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔شیو سینا کے شندے دھڑے کے ایک رہنما نے بتایا کہ ایکناتھ شندے کی طبیعت جمعہ ہی سے کچھ ناساز تھی۔ مہاراشٹر اسمبلی کا اجلاس جاری ہونے کے دوران دوپہر میں بھی انہیں کمزوری محسوس ہو رہی تھی۔ وائرل بخار اور جسمانی کمزوری کے باعث ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں ادویات دی گئی تھیں، تاہم رات تک آرام نہ آنے پر انہیں تھانے کے جوپیٹر اسپتال منتقل کرکے داخل کرایا گیا۔ اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم مسلسل ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے اور تمام ضروری طبی معائنے جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق ریاست میں حالیہ دنوں کے تیز رفتار سیاسی حالات، مسلسل مصروفیات اور مختلف سرکاری و سیاسی پروگراموں میں شرکت کے باعث ایکناتھ شندے کو مناسب آرام کا موقع نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہوئی۔ طبیعت ناساز ہونے کے پیش نظر ان کے آئندہ طے شدہ سرکاری اور سیاسی دوروں اور عوامی پروگراموں کو فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے