
عالیہ بھٹ اور شرواری واگھ کی اداکاری سے سجی یش راج فلمز کی ایکشن تھرلر 'الفا' نے سینما گھروں میں ریلیز کے ساتھ توقعات کے مطابق آغاز نہیں کیا۔ وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی پہلی خواتین پر مبنی فلم ہونے کے باوجود اس کی پہلے دن کی باکس آفس کارکردگی مایوس کن رہی۔ فلم کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے ملی جلی آرا موصول ہوئیں، جس کا براہِ راست اثر اس کی کمائی پر بھی نظر آیا۔
باکس آفس ٹریکر سیکنلک کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 'الفا' نے بھارت میں پہلے دن 9.25 کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن کیا۔ فلم ملک بھر میں 7,534 شوز میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، لیکن مضبوط اسٹار کاسٹ اور بڑے بینر کے باوجود یہ بڑی تعداد میں شائقین کو سینما گھروں تک لانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کارکردگی کے ساتھ 'الفا' وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی اب تک کی سب سے کم اوپننگ لینے والی فلم بن گئی ہے۔
اگر اسپائی یونیورس کی گزشتہ فلموں سے موازنہ کیا جائے تو 'پٹھان' نے پہلے دن 57 کروڑ روپے، 'وار 2' نے 52.5 کروڑ روپے، 'ٹائیگر 3' نے تقریباً 44.5 کروڑ روپے، 'وار' نے 32.5 کروڑ روپے، جبکہ 'ٹائیگر زندہ ہے' اور 'ایک تھا ٹائیگر' نے بھی پہلے دن 32 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔ ایسے میں 'الفا' ان تمام فلموں سے کافی پیچھے نظر آئی۔
تقریباً 100 سے 130 کروڑ روپے کے بجٹ میں بننے والی اس فلم میں عالیہ بھٹ، شرواری، بوبی دیول اور انیل کپور مرکزی کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری شیو رویل نے کی ہے۔ ریلیز کے بعد فلم میں ہریتھک روشن کے میجر کبیر والے سرپرائز کیمیو اور بوبی دیول کے منفی کردار کی سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوئی، لیکن ان تمام کششوں کے باوجود فلم باکس آفس پر مضبوط شروعات درج نہ کر سکی۔ اب سب کی نظریں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران ہونے والی کمائی پر مرکوز ہیں، جو یہ طے کرے گی کہ آیا فلم ابتدائی جھٹکے سے سنبھل پاتی ہے یا نہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد