
مسلسل تیسرے دن مضبوطی کے ساتھ بند ہوا شیئر بازار، ایک دن میں 1.31 لاکھ کروڑ روپے بڑھ گئی سرمایہ کاروں کی دولت
نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔ پورے دن اتار چڑھاو کا سامنا کرنے کے بعد گھریلو شیئر بازار آج لگاتار تیسرے دن مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ آج کے کاروبار کی شروعات فلیٹ سطح پر معمولی اضافے کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے تھوڑی دیر بعد ہی فروخت کے دباو میں نفٹی اور سینسیکس دونوں انڈیکس سرخ نشان میں گر گئے۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے یہ دونوں انڈیکس واپس سبز نشان میں پہنچ کر کاروبار کرنے لگے۔ بازار میں دوپہر ایک بجے کے تھوڑی دیر بعد تک خریداری کا زور بنا رہا۔ اس کے بعد منافع وصولی کے چکر میں فروخت شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے دونوں انڈیکس دن کے اوپری سطح سے تھوڑا نیچے گر گئے۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.21 فیصد اور نفٹی 0.27 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوئے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 70.51 پوائنٹس یعنی 0.09 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 77,998.66 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی فروخت شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے یہ انڈیکس 118.22 پوائنٹس یعنی 0.15 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 77,809.93 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد خریداری شروع ہونے کے سبب سینسیکس نے رفتار پکڑ لی۔
مسلسل ہو رہی خریداری کی حمایت سے دوپہر ایک بجے کے تھوڑی دیر بعد یہ انڈیکس دن کی نچلی سطح سے 462.32 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 344.10 پوائنٹس یعنی 0.44 فیصد کی تیزی کے ساتھ 78,272.25 پوائنٹس کی سطح تک آ گیا۔ اس کے بعد بازار میں منافع وصولی کے باعث فروخت کا دباو بن گیا، جس کی وجہ سے سینسیکس دن کی اوپری سطح سے 177.61 پوائنٹس گر کر 166.49 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 78,094.64 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 44.30 پوائنٹس یعنی 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 24,361.45 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد فروخت شروع ہونے کی وجہ سے یہ انڈیکس اوپننگ لیول سے 60 پوائنٹس سے زیادہ گر کر 17.45 پوائنٹس یعنی 0.07 فیصد کی کمزوری کے ساتھ سرخ نشان میں 24,299.70 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے نفٹی کی چال میں سدھار ہونے لگا۔ خریداری کی حمایت سے دوپہر ایک بجے کے تھوڑی دیر بعد یہ انڈیکس دن کی نچلی سطح سے تقریباً 130 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 112.25 پوائنٹس یعنی 0.46 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 24,429.40 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ اس کے بعد بازار میں منافع وصولی کے سبب ایک بار پھر فروخت شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے نفٹی دن کی اوپری سطح سے 45 پوائنٹس سے زیادہ گر کر 66.45 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 24,383.60 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران میڈیا سیکٹر کے شیئروں میں جم کر خریداری ہوتی رہی۔ خریداری کی حمایت سے نفٹی کا میڈیا انڈیکس دو فیصد تک پہنچ گیا۔ اسی طرح آٹو موبائل، آئل اینڈ گیس اور انرجی سیکٹر کے شیئروں میں بھی جم کر خریداری ہوتی رہی۔ اس خریداری کی حمایت سے نفٹی میں آٹو انڈیکس 1.64 فیصد، آئل اینڈ گیس انڈیکس 1.01 فیصد اور انرجی انڈیکس ایک فیصد کی مضبوطی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ بینکنگ، کیپیٹل گڈز، ہیلتھ کیئر، میٹل اور پبلک سیکٹر انٹرپرائز انڈیکس بھی مضبوطی کے ساتھ سبز نشان میں بند ہوئے۔
دوسری جانب، آئی ٹی سیکٹر کے شیئروں میں آج جم کر فروخت ہوتی رہی۔ اس فروخت کے سبب نفٹی کا آئی ٹی انڈیکس 1.56 فیصد گر گیا۔ اسی طرح بی ایس ای کا ٹیک انڈیکس 0.73 فیصد کی گراوٹ کا شکار ہو گیا۔ اس کے علاوہ ایف ایم سی جی اور کنزیومر ڈیوریبلس انڈیکس بھی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ براڈر مارکیٹ میں آج خریداری کا زور بنا رہا، جس کے سبب نفٹی کے مڈ کیپ اور اسمال کیپ انڈیکس 0.44 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوئے۔
آج شیئر بازار میں آئی مضبوطی کے سبب شیئر بازار کے سرمایہ کاروں کی اثاثوں میں 1.30 لاکھ کروڑ روپے سے بھی زیادہ کا اضافہ ہو گیا۔ بی ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن آج کے کاروبار کے بعد بڑھ کر 485.88 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) ہو گیا۔ جبکہ گزشتہ کاروباری دن یعنی جمعرات کو ان کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 484.57 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کو آج کے کاروبار سے تقریباً 1.31 لاکھ کروڑ روپے کا منافع ہو گیا۔
آج دن بھر کے کاروبار میں این ایس ای میں 2,989 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہوئی۔ ان میں سے 1,842 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں اور 1,147 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 16 شیئر اضافے کے ساتھ اور 14 شیئر گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 29 شیئر سبز نشان میں اور 21 شیئر سرخ نشان میں بند ہوئے۔
پورے دن ہوئی خرید و فروخت کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے بجاج فنانس 8.32 فیصد، بجاج فنسرو 6.27 فیصد، جیو فنانشل 3.85 فیصد، مہندرا اینڈ مہندرا 3.50 فیصد اور اڈانی پورٹس 1.95 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 گینرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔ دوسری جانب، ٹی سی ایس 2.72 فیصد، ایٹرنل 2.64 فیصد، میکس ہیلتھ کیئر 2.34 فیصد، انفوسس 2.16 فیصد اور وپرو 1.44 فیصد کی کمزوری کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 لوزرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن