
کاٹھمنڈو، 31 جولائی (ہ س)۔
نیپال کے مشہورکوہ پیما نرمل پورجا (نمس دائی) پاکستان کی براڈ پیک پر شدید برفانی طوفان کے بعد لاپتہ بتائے جانے والے کوہ پیماوں کے گروپ میں شامل ہیں۔ پاکستان الپائن کلب کے مطابق، جمعرات کی دوپہر قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع 8,047 میٹر اونچی براڈ پیک پر چڑھائی کرنے والا ایک دستہ برفانی طوفان کی زد میں آگیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، اس کے بعد 10 کوہ پیماوں سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ اس دستے میں پانچ نیپالی کوہ پیماوں سمیت پاکستان، عمان، چین اور امریکہ کے کوہ پیما شامل ہیں، جن میں عالمگیر شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیما نرمل پورجا بھی ہیں۔
نرمل پورجا نے سال 2019 میں صرف 6 مہینے اور 6 دن کے ریکارڈ وقت میں دنیا کی 8,000 میٹر سے زیادہ اونچائی والی تمام 14 چوٹیوں پر کامیابی کے ساتھ چڑھائی کرکے بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی تھی۔ پاکستان الپائن کلب نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری حکام اورمتعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے تلاش اوربچاو کی مہم کو تیز کیا جا رہا ہے۔ کلب کے مطابق، موسم اور آپریشنل حالات سازگار ہوتے ہی ہیلی کاپٹر سمیت تمام دستیاب بچاؤ کے وسائل کو مہم میں لگا دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن