
واشنگٹن ،30جولائی (ہ س )۔
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری حملوں کے سلسلے میں امریکی فوج نے پاسداران انقلاب ایران کو ہدف بنانے اور نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے جمعرات کی علی الصبح ایران کے خلاف تازہ فضائی کارروائی مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اپنے بیان میں کہا کہ 29 جولائی کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق رات 10 بجے ایران کے خلاف شدید فضائی حملوں کی ایک نئی لہر کامیابی سے مکمل کی گئی۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی ایک روز قبل امریکی افواج پر کیے گئے ایرانی میزائل حملوں کی کوشش کے جواب میں کی گئی۔سینٹکام کے مطابق حملوں میں ایران کے اندر پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات، ساحلی نگرانی اور دفاعی مراکز اور بحری صلاحیتوں سے متعلق مقامات شامل ہیں۔
امریکی فوج کا دعویٰہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران اور اس کے حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے امریکی افواج، تجارتی جہاز رانی اور خلیجی ممالک کو لاحق خطرات کو مزید کم کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 28 جولائی کو پاسدارانِ انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج پر اچانک حملے کی کوشش کرتے ہوئے ایرانی سرزمین سے متعدد بیلسٹک میزائل داغے تھے، تاہم تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے گئے۔
سینٹکام نے مزید بتایا کہ اس وقت مشرق وسطیٰ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں، جو مکمل جنگی تیاری، اعلیٰ درجے کی چوکسی اور فوری کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئی فضائی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ ملک کے جنوبی علاقوں، خصوصاً جزیرہ قشم، بوشہر، آبادان اور اہواز میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ