بی ایم سی میں بی جے پی لیڈر پر خاتون ڈاکٹر اور نرس سے چھیڑ چھاڑ کا الزام، ایف آئی آر درج
ساگر، 3 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر کے بندیل کھنڈ میڈیکل کالج (بی ایم سی) میں خاتون ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف سے مبینہ چھیڑ چھاڑ اور بدسلوکی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جمعہ کے روز اسپتال میں ہنگامہ ہو گیا۔ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ریاستی مجلس
خواتین اسٹاف سے بدسلوکی اور دھمکی کے بعد ڈاکٹروں کا پھوٹا غصہ، اسپتال کے مرکزی گیٹ پر چکہ جام کیا


ساگر، 3 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر کے بندیل کھنڈ میڈیکل کالج (بی ایم سی) میں خاتون ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف سے مبینہ چھیڑ چھاڑ اور بدسلوکی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جمعہ کے روز اسپتال میں ہنگامہ ہو گیا۔ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ریاستی مجلس عاملہ کے رکن انل شریواستو (پیپرا) پر خاتون ڈاکٹر اور نرس کے ساتھ نازیبا سلوک، ’بیڈ ٹچ‘ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا الزام عائد ہوا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر گوپال گنج تھانہ پولیس نے ملزم اور دیگر افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔

واقعے کے احتجاج میں ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف نے کام بند کر کے اسپتال کے مرکزی دروازے پر چکہ جام کیا۔ مظاہرین نے اسپتال میں سیکورٹی کے انتظامات مضبوط کرنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متاثرہ نرسنگ اسٹاف کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی رات تقریباً دو بجے کا ہے۔ علاج کے لیے لائی گئی ایک خاتون مریضہ کے ساتھ پہنچے لوگوں نے ڈیوٹی پر موجود اسٹاف سے بدسلوکی شروع کر دی۔ مخالفت کرنے پر مبینہ طور پر خواتین اسٹاف کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی اور اسپتال کے باہر گولی مارنے کی دھمکی دی گئی۔ متاثرہ نے الزام لگایا کہ دھمکی دینے والوں میں بی جے پی لیڈر انل شریواستو بھی شامل تھے۔

اسپتال کے ملازمین کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور کالج انتظامیہ کو دے دی گئی تھی۔ پولیس موقع پر پہنچی، لیکن الزام ہے کہ اس سے پہلے ہی سیکورٹی اہلکاروں نے مریضہ اور اس کے ساتھ آئے لوگوں کو اسپتال سے باہر جانے دیا، جس کی وجہ سے فوری کارروائی نہیں ہو سکی۔

اس واقعے پر جونیئر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (جے ڈی اے) نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے انتباہ دیا ہے کہ اگر 24 گھنٹے کے اندر ملزمان کی گرفتاری اور معاملے میں لاپرواہی برتنے والوں پر کارروائی نہ ہوئی تو ریاست بھر کے ڈاکٹر کام کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے اسپتال میں سیکورٹی بڑھانے، ملزم کی فوری گرفتاری اور مستقل سیکورٹی انتظامات نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب، ملزم بی جے پی لیڈر انیل شریواستو نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اپنے گاوں کے ایک مریض کے علاج کے لیے اسپتال گئے تھے اور ڈاکٹروں سے وقت پر علاج شروع کرنے کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی سے بدسلوکی نہیں کی اور وارڈ کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے سچائی سامنے آ جائے گی۔

ایڈیشنل ایس پی نریندر سولنکی نے بتایا کہ بی ایم سی اسٹاف کی شکایت کی بنیاد پر گوپال گنج تھانے میں ملزم انیل شریواستو اور دیگر کے خلاف چھیڑ چھاڑ، بدسلوکی سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande