
اکولہ ، 3 جولائی (ہ س)۔ اَکولہ میں رشوت ستانی کے الزام میں گرفتار ضلع اسٹامپ کلکٹر کرن چودھری کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ ناسک اور جلگاؤں کے انسدادِ رشوت ستانی بیورو (اے سی بی) کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کو جلگاؤں میں واقع ان کے سیل بند مکان کی ان کیمرہ تلاشی لی، جس کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد نقد رقم، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اثاثوں سمیت مجموعی طور پر 2 کروڑ 94 لاکھ 64 ہزار 847 روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔واضح رہے کہ اے سی بی نے 26 جون کو اَکولہ میں کرن چودھری کو 10 ہزار روپے کی رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سٹی کوتوالی پولیس اسٹیشن میں انسدادِ بدعنوانی قانون کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران جلگاؤں کے وشنو نگر علاقے میں واقع سائی پربھا آرکیڈ میں ان کا مکان بند پایا گیا، جسے اے سی بی نے پنچ گواہوں کی موجودگی میں سیل کر دیا تھا۔بعد ازاں 28 جون کی صبح یہ انکشاف ہوا کہ بعض رشتہ داروں نے مکان کے پچھلے دروازے کا تالا توڑ کر اندر داخل ہونے اور ممکنہ طور پر ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی اے سی بی اور مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس معاملے میں ضلع پیٹھ پولیس اسٹیشن میں ایک الگ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔جمعرات کو کرن چودھری کی اہلیہ منیشا چودھری کی موجودگی میں ناسک اور جلگاؤں اے سی بی کے افسران نے دوبارہ مکان کی مکمل تلاشی لی۔ اس دوران 1 کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار 630 روپے نقد رقم، 422.100 گرام وزنی سونے کے زیورات جن کی مالیت 60 لاکھ 57 ہزار 135 روپے بتائی گئی، 62 لاکھ 13 ہزار 376 روپے مالیت کی مختلف جائیدادوں کی دستاویزات، 31 ہزار 416 روپے مالیت کے چاندی کے زیورات، 11 لاکھ 52 ہزار 745 روپے مالیت کی سونا خریدنے کی رسیدیں اور 6 لاکھ 25 ہزار 545 روپے مالیت کا مختلف گھریلو سامان برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔اے سی بی کے مطابق اس کارروائی میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 94 لاکھ 64 ہزار 847 روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد محکمہ مال اور اسٹامپ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اے سی بی اب کرن چودھری کی مبینہ غیر محسوب دولت، مالی لین دین، جائیدادوں اور متعلقہ دستاویزات کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے، جبکہ ان کے اثاثوں کے ذرائع کی بھی باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے