
حیدرآباد،3 جولائی (ہ س)۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے اغواہونے والا پانچ سالہ بچہ نکھل تقریباً دوہفتوں بعدبحفاظت بازیاب کرلیاگیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ پولیس کے مطابق، 20 جون کی رات نکھل اپنی والدہ کے ساتھ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پرسورہاتھا،جب ایک شخص موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچے کواپنے ساتھ لے گیا۔ واقعے کے بعدریلوے پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغازکیااوراسٹیشن کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کاجائزہ لیا۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں نکھل کوایک شخص کے ساتھ ہاتھ پکڑے جاتے ہوئے دیکھا گیا،جس کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے اپنی کارروائی تیز کر دی۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی شام ملزم خود بچے کے ساتھ پولیس کے سامنے پیش ہوا۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے دعویٰ کیا کہ نکھل اسے 30 جون کو ملا تھا، تاہم سخت تفتیش کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اسی نے بچے کو ریلوے اسٹیشن سے اغوا کیا تھا۔ بچے کی شناخت کی تصدیق کے لیے پولیس نے ویڈیو کال کے ذریعے نکھل کے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔ شناخت مکمل ہونے کے بعد بچے کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا، جس پر اہل خانہ نے راحت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ریلوے پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 137 کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق