
علی گڑھ، 03 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈی او ای) کے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر کی جانب سے منعقدہ ایک پلیسمنٹ مہم کے توسط سے معروف کمپنی ہونڈئی پرائیویٹ لمیٹڈ نے فاصلاتی اور آن لائن تعلیمی پروگراموں کے 14 طلبہ کو سیلس ایکزیکیٹیو، مارکیٹنگ ایکزیکیٹیو اور فرنٹ آفس ایکزیکیٹیو جیسے عہدوں کے لئے منتخب کیا ہے۔ پلیسمنٹ ٹیم نے طلبہ کی ابلاغی صلاحیتوں کے تجزیہ اور ذاتی انٹرویو کی بنیاد پر انتخاب کا عمل مکمل کیا۔
منتخب طلبہ میں محمد احسن اختر (ایم اے، سیاسیات)، سید توید علی، سمیر سنگھ اور راکھی شرما (سبھی ایم کام)، ندیم نجیب ، محمد احمد، عبداللہ جسیم جنیدی ، وصی الدین اور محمد محسن (سبھی بی ایس سی کمپیوٹر سائنس)، محمد حماد حسین، افضل عباس زیدی، صہبا اسلام، سبحان بیگ اور ارشیل سلیم (سبھی بی کام) شامل ہیں۔
منتخب طلبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر اکرام خان نے کہا کہ کامیاب پلیسمنٹ مہم انڈسٹری اور یونیورسٹی کے درمیان مضبوط اشتراک کے ذریعے طلبہ کی ملازمت حاصل کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینے اور باقاعدگی سے کیمپس پلیسمنٹ مہمات کے انعقاد کے تئیں سنٹر کے عزم کی عکاس ہے۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر فرقان خان نے ہونڈئی پرائیویٹ لمیٹڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر آئندہ بھی اپنے طلبہ کے لیے اس نوعیت کی پلیسمنٹ مہمات جاری رکھے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ