
نئی دہلی، 03 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو لاجپت نگر کالونی اسپتال میں تقریباً 4 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ فرنٹ بلاک اور جدید فزیو تھراپی سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس نئے ہیلتھ انفراسٹرکچر کے آغاز سے علاقے کے تقریباً 15 سے 20 لاکھ شہری صحت کی بہتر، فوری اور معیاری خدمات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط صحت کا نظام ترقی یافتہ دہلی کی بنیاد ہے۔ اس موقع پر دہلی کے میئر پرویش واہی، جنگ پورہ کے ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ، ڈپٹی میئر ڈاکٹر مونیکا پنت، سینئر افسران اور ماہر ڈاکٹر موجود تھے۔
اسپتال کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاجپت نگر کالونی اسپتال تقریباً 70 سالوں سے مقامی اور غیرمقامی باشندوں کی خدمت کر رہا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے دباو¿ میں مسلسل اضافہ ہوا جس کی وجہ سے جدید سہولیات کا فقدان ہے۔ اب اس نئے فرنٹ بلاک اور جدید ترین فزیوتھراپی سنٹر کے شامل ہونے سے مریضوں کو علاج کے لیے بڑے اسپتالوں میں ریفر کرنے کی ضرورت کافی حد تک کم ہو جائے گی۔ فی الحال، اسپتال اپنی او پی ڈی میں روزانہ اوسطاً 600 سے 700 مریضوں کی خدمت کرتا ہے، جسے اب مزید بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو وسیع پیمانے پر ڈیجیٹلائز کرنے کا کام شروع کیا ہے۔ تمام مریضوں کے میڈیکل ریکارڈ اب ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیے جا رہے ہیں اور لمبی قطاروں کو کم کرنے کے لیے ایک ڈیجیٹل اپائنٹمنٹ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری اسپتالوں کو متحد ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارم سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ایک لائیو پورٹل تیار کیا جا رہا ہے، جہاں شہری سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دستیاب آئی سی یو بیڈز کے بارے میں حقیقی معلومات دیکھ سکیں گے۔
وزیراعلیٰنے کہا کہ دہلی حکومت بدعنوانی کے تئیں زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ محکمہ صحت سمیت کسی بھی محکمے میں کوئی بے ضابطگی یا بددیانتی پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ دہلی حکومت اور میونسپل کارپوریشن دارالحکومت کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میونسپل کارپوریشن کے پرانے اسپتالوں کی جدید کاری کے لیے ہر ممکن مالی تعاون فراہم کرے گی۔
نئے تعمیر شدہ بلاک اور اسپتال کی نمایاں خصوصیات
لاجپت نگر کالونی اسپتال کے نئے تعمیر شدہ فرنٹ بلاک کو مریضوں اور ڈاکٹروں کی سہولت کے لیے ایئر کنڈیشنڈ سہولیات کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس میں 6 بستروں پر مشتمل ڈے کیئر سنٹر، 12 جدید کنسلٹنگ روم، ایک کانفرنس روم اور سی ایس آر تعاون کے ساتھ ایک جدید ترین فزیوتھراپی سنٹر شامل ہے۔ یہ مکمل طور پر فعال بلاک جدید تشخیصی سہولیات، مریضوں کے لیے موزوں انفراسٹرکچر اور اعلیٰ صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے ساتھ عوام کے لیے وقف کیے جانے کے لیے تیار ہے۔ یہ اسپتال مختلف ماہرانہ خدمات بشمول میڈیسن، امراضِ نسواں اور زچگی، آنکھ، ای این ٹی، اطفال، جلد، دانت ، آیوش اور فزیوتھراپی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ایکس رے، لیب ٹیسٹ اور تمام ضروری ادویات مفت فراہم کرتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی