خراب موسمی حالات کے پیش نظر پونچھ میں تمام طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ
جموں،03 جولائی (ہ س)۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید سے انتہائی شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی کے بعد ضلع پونچھ میں صحت عامہ کے تمام اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر پونچھ نے اس سلسلے میں ایک باضابطہ حکم ن
خراب موسمی حالات کے پیش نظر پونچھ میں تمام طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ


جموں،03 جولائی (ہ س)۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید سے انتہائی شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی کے بعد ضلع پونچھ میں صحت عامہ کے تمام اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر پونچھ نے اس سلسلے میں ایک باضابطہ حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ضلع اسپتال، سب ڈسٹرکٹ اسپتالوں، کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں، پرائمری ہیلتھ سینٹروں، نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور سب سینٹروں کو فوری طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔حکم نامے کے مطابق تمام میڈیکل افسران، پیرا میڈیکل عملے اور دیگر ملازمین کی زچگی کی چھٹی کے علاوہ ہر قسم کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ آئندہ احکامات تک کسی نئی چھٹی کی منظوری بھی نہیں دی جائے گی۔

چیف میڈیکل آفیسر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ تمام طبی عملے کی مکمل حاضری یقینی بنائی جائے، ایمرجنسی ادویات، آکسیجن، ڈریسنگ اور دیگر جان بچانے والے آلات کی دستیابی برقرار رکھی جائے، ایمبولینس اور ایمرجنسی خدمات چوبیس گھنٹے فعال رہیں اور سول انتظامیہ و ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

مزید تمام بلاک میڈیکل افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں کنٹرول روم قائم کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ افسران کی تفصیلات فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande