
دہرادون، 26 جولائی (ہ س)۔
اتراکھنڈ کانگریس کے سینئر لیڈر، سابق کابینہ وزیر اور تین بار ایم ایل اے رہ چکے ہیرا سنگھ بشٹ کا انتقال ہوگیا۔ ہفتہ کی رات دیر گئے دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں دہرادون کے ای سی روڈ پر واقع سٹی ہارٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کی موت سے ریاست کے سیاسی منظرنامے پر غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ہیرا سنگھ بشٹ نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز طلبہ سیاست سے کیا اور بعد میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے بہت تیزی سے خودکو ایک بااثر نوجوان رہنما کے طور پر قائم کیا۔ 1985 میں، وہ پہلی بار دہرادون حلقہ سے اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ اس کے بعد، انہوں نے 2002 میں راج پور اسمبلی حلقہ اور 2014 میں دوئی والا اسمبلی ضمنی انتخاب جیتا، جس سے انہیں تین بار ایم ایل اے ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ این ڈی تیواری حکومت میں، انہوں نے ٹرانسپورٹ، لیبر، اور ٹیکنیکل ایجوکیشن جیسے اہم محکموں کے کابینہ وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ اتراکھنڈ آئی این ٹی یو سی کے ریاستی صدر بھی تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت، کانگریس کے ریاستی صدر گنیش گوڈیال، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، فوجیوں کی بہبود کے وزیر گنیش جوشی، سینئر لیڈر پریتم سنگھ، ڈاکٹر ہرک سنگھ راوت، اور کانگریس کے ریاستی نائب صدر سوریہ کانت دھسمنا نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ ان کے انتقال سے پارٹی نے ایک تجربہ کار، پرعزم اور عوامی جذبہ رکھنے والے لیڈر کو کھو دیا ہے، یہ نقصان طویل عرصے تک محسوس کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ